مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 620
مکتوب نمبر ۲۴۴ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔رسالہ عربی طبع ہور ہا ہے اور جو آپ نے اس کی مدد کے لئے ارادہ فرمایا ہے۔خد اتعالیٰ آپ کو جزائے خیر بخشے۔لیکن چونکہ مطبع کے لئے اس وقت روپیہ کی ضرورت ہے۔یعنی کاغذ وغیرہ کے لئے سو بہتر ہے کہ وہ بیس روپیہ جو آپ نے وعدہ فرمایا ہے وہ مطبع سیالکوٹ میں یعنی پنجاب پریس سیالکوٹ میں بنام منشی غلام قادر صاحب فصیح مالک مطبع ارسال فرما دیں۔تا اس کام میں لگ جاوے۔کتابیں تو اکثر مفت تقسیم ہوں گی۔مگر خرچ کی اب ضرورت ہے اور روپیہ میرے پاس نہیں بھیجنا چاہئے۔فصیح صاحب کے پاس جانا چاہئے اور اس میں لکھ دیں۔میرے نزدیک اس قدر لمبی رخصت ابھی لینی قابل مشورہ ہے۔نوٹ:۔یہ مکتوب اسی قدر ہے۔حضرت اقدس اپنا نام تاریخ وغیرہ کچھ نہیں لکھ سکے۔یہ کمال استغراق کا نتیجہ ہے۔(عرفانی)