مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 621
مکتوب نمبر ۲۴۵ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔آپ کامحبت نامہ پہنچا۔امید کہ میرا کارڈ بھی پہنچا ہو گا۔تینوں رسالے سیالکوٹ میں چھپ رہے ہیں۔درمیان میں بباعث بیماری پریس مین کے توقف ہو گئی ہے۔لیکن اب برابر کام ہوتا ہے۔امید کہ انشاء اللہ القدیر جلدچھپ جائیں گے۔شیخ رحمت اللہ صاحب گجرات نے ان رسائل کی امداد کے لئے ایک سو روپیہ سیالکوٹ میں بھیج دیا ہے۔وہ بمبئی گئے ہیں۔وہیں انشاء اللہ دربارہ تقسیم کے بلاد عرب میں بندوبست کریں گے۔باقی خیریت ہے۔والسلام خاکسار غلام احمد عفی عنہ از قادیان ضلع گورداسپور مکتوب نمبر ۲۴۶ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔انشاء اللہ میں آپ کے صبر کے لئے کئی دفعہ دعاکروں گا۔خدا تعالیٰ آپ کو صبر بخشے اور اس لڑکے کو جس کا آپ ذکر کرتے ہیں۔کسی تعطیل میں اپنے ساتھ لے آویں۔والسلام ۵؍ فروری ۱۸۹۶ء خاکسار غلام احمد عفی عنہ