مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 578 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 578

مکتوب نمبر ۱۸۱ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ محبی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔عنایت نامہ پہنچا۔چونکہ وفات پسر مرحوم کی خدا تعالیٰ کا فعل ہے اور صبر پر وہ اجر ہے جس کی کوئی انتہاء نہیں۔اس لئے آپ جہاں تک ممکن ہو اس غم کو غلط کریں۔خد ا تعالیٰ نعم البدل اجر عطا کردے گا۔وہ ہر چیزپر قادر ہے۔خدا تعالیٰ کے خزانوںمیں بیٹوں کی کمی نہیں۔غم کو انتہاء تک پہنچانا اسلام کے خلاف ہے۔میری نصیحت محض لِلّٰہِ ہے جس میں سراسر آپ کی بھلائی ہے۔اگر آپ کو اولاد اور لڑکوں کی خواہش ہے تو آپ کے لئے اس کا دروازہ بند نہیں۔علاوہ اس کے شریعت اسلام کی رُو سے دوسری شادی بھی سنّت ہے۔میرے نزدیک مناسب ہے کہ آپ ایک دوسری شادی بھی کر لیں۔جو باکرہ ہو اور حسن ظاہری اور پوری تندرستی رکھتی ہو اور نیک خاندان سے ہو۔اس سے آپ کی جان کو بہت آرام ملے گا۔انسان کی تقویٰ تعدّدِ ازدواج کو چاہتی ہے۔اچھی بیوی جو نیک اور موافق اور خوبصورت ہو تمام غموں کو فراموش کر دیتی ہے۔قرآن شریف سے ثابت ہوتا ہے کہ اچھی بیوی بہشت کی نعمت ہے۔اس کی تلاش ضرور ضرور رکھیں۔آپ ابھی نوجوان ہیں۔خد اتعالیٰ اولاد بہت دے دے گا۔اس کے فضل پر قوی امید رکھیں۔والسلام ۶؍ جون ۱۸۹۰ء خاکسار غلام احمد