مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 577 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 577

(جو آپ کے سب سے بڑے بیٹے ہیں) کے مکان پر ٹھہرا کرتے تھے اور اس وقت ڈاکٹر محمد حسین صاحب مرحوم سے علاج کرایا کرتے تھے۔(یہ ڈاکٹر صاحب مسٹر احمد حسین مشہور ناولسٹ کے والد ماجد تھے اور بھاٹی دروازہ کے اندر رہا کرتے تھے) یہ مکتوب حضرت کے اپنے ہاتھ کا لکھا ہوا نہیں اور اس پر ازعاجز حامد علی السلام علیکم بھی تحریر ہے۔(عرفانی) مکتوب نمبر ۱۸۰ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ آپ کا عنایت نامہ پہنچا۔الحمدللّٰہ والمنۃ کہ بیماری لاحقہ سے اب بہت کچھ آرام ہے اور جس قدر باقی ہے، امید کی جاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جلد شفا ہو جائے گی۔ضعف بہت ہو گیا ہے۔اس لئے اپنے ہاتھ سے خط لکھنا دشوار۔ہمیشہ اپنی خیروعافیت سے مطلع فرماتے رہیں۔والسلام ۳۱؍ مئی ۱۸۹۰ء خاکسار مرزا غلام احمداز قادیان