مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 555 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 555

رجوع ہو گیا۔خدا تعالیٰ اس رجوع کو ثابت رکھے۔خد اتعالیٰ سے بہرحال ڈرتے رہنا اور اس کے غضب کے اشتعال سے پرہیز کرنا بڑی عقلمندی ہے۔دنیا گذشتنی وگذاشتنی اور جذباتِ نفسانی بدنام کنندہ چیزیں ہیں اور انسان کی تمام سعادت مندی اور ڈرنا اور آخرت کی سلامتی خوفِ الٰہی اور اطاعت احکامِ الٰہی میں ہے۔خدا تعالیٰ حاضر و ناظر ہے اور اس کی آنکھیں دقیق ہیں و باریک رس ہیں۔وہ اسی پر راضی ہوتا ہے۔جو اس سے خائف و ہراساں رہے اور کوئی ایسا کام نہ کرے کہ جو بیباکی کا کام ہو۔اللہ جلّشانہٗ آپ کو سچی اطاعت کی توفیق بخشے۔مناسب ہے کہ اگر ابتلا کے طور پر کوئی دوسری صورت پیش بھی آجاوے تو بہت بے قرار نہ ہوں۔اللہ جلّشانہٗ تغیر حالات پر قادر ہے اور دعا بدستور آپ کے لئے کی جائے گی۔میری دانست میں اس موقعہ پر استعلام امور غیبیہ کی کچھ ضرورت نہیں۔اس کی جگہ تضرع اور استغفار چاہئے۔والسلام ۱۰؍ اکتوبر ۱۸۸۸ء خاکسار غلام احمد ازقادیان مکتوب نمبر ۱۴۴ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبر کاتہ آج میرا لڑکا بشیر احمد انیس روز بیمار رہ کر بقضائے الٰہی دنیائے فانی سے قضا کر گیا۔والسلام ۴؍ نومبر ۱۸۸۸ء خاکسار غلام احمد از قادیان