مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 556
مکتوب نمبر ۱۴۵ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ خط پہنچا۔اللہ جلّشانہٗ پر مضبوط بھروسہ رکھو۔وہ رحیم و کریم ہے۔یہ عاجز انشاء اللہ القدیر آپ کے لئے برابر دعا کرتا رہے گا۔یاد دہانی کی ضرورت نہیں۔لیکن اگر فرصت ہو تو کبھی کبھی اپنے خیالات سے مطلع فرمایا کریں۔دعا کے لئے یاد دہانی کی ضرورت نہیں۔محض تسلی خاطر کے لئے ضرورت ہے۔والسلام ۲۳؍ نومبر ۱۸۸۸ء خاکسار غلام احمداز قادیان مکتوب نمبر ۱۴۶ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچا۔جو آپ نے لکھا ہے۔بات تو بظاہر بہت عمدہ ہے۔اگر حقیقت میں آپ کے لئے یہ بہتر ہے تو اللہ جلّشانہٗ آپ کے لئے میسر کرے۔امید کہ آپ تعطیلوں میں ضرور تشریف لاویں گے۔میں انشاء اللہ القدیر دعا کرتا رہوں گا۔زیادہ خیریت ہے۔والسلام ۸؍ دسمبر ۱۸۸۸ء خاکسار غلام احمد از قادیان