مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 546 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 546

کتوب نمبر ۱۲۸ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ چند روز کی دیر کے بعد آپ کے خطوط مرسلہ معہ قصیدہ بٹالہ میں قادیان سے واپس منگوا کر ملے۔قصیدہ بہت عمدہ ہے۔خاص کر بعض شعر بہت ہی اچھے ہیں۔جزاکم اللّٰہ خیراً۔میں اس جگہ بشیراحمد کے علاج کروانے کے لئے ٹھہرا ہوا ہوں۔معلوم ہوتا ہے کہ تمام رمضان اس جگہ ٹھہرنا ہوگا۔قصیدہ متعاقب روانہ خدمت کردوں گا۔بشیر احمد کو اب کسی قدر بفضلہ آرام ہے۔والسلام ۱۲؍ مئی ۱۸۸۸ء خاکسار غلام احمد ازقادیان مکتوب نمبر ۱۲۹ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ یہ عاجز اب تک بٹالہ میں ہے۔کسی قدر بشیر احمد کی طبیعت روبا صلاح ہے۔انشاء اللہ القدیر صحت ہو جائے گی۔پانچ چار روز تک قادیان جانے کا ارادہ ہے۔باقی سب طرح سے خیریت ہے۔والسلام ۳؍ جون ۱۸۸۸ء خاکسار غلام احمداز بٹالہ