مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 539 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 539

اللہ جلّشانہٗ مومنین کی علامت یہ فرماتا ہے۔۔۱؎ یعنی جو مومن ہیں وہ خد اسے بڑھ کر کسی سے دل نہیں لگاتے۔محبت ایک خاص حق اللہ جلّشانہٗ کا ہے۔جو شخص اس کا حق دوسرے کو دے گا وہ تباہ ہو گا۔تمام برکتیں جو مردانِ خدا کو ملتی ہیں، تمام قبولیتیں جو ان کو حاصل ہوتی ہیں۔کیا وہ معمولی وظائف سے یا معمولی نماز روزہ سے ملتی ہیں؟ ہرگز نہیں۔بلکہ وہ توحید فی المحبت سے ملتی ہیں۔اسی کے ہوجاتے ہیں، اسی کے ہو رہتے ہیں، اپنے ہاتھ سے دوسروں کو اس کی راہ میں قربان کرتے ہیں۔میں خوب اس درد کی حقیقت کو پہنچتا ہوں کہ جو ایسے شخص کو ہوتا ہے کہ یکدفعہ وہ ایسے شخص سے جد اکیا جاتا ہے جس کو وہ اپنے قالب کی گویا جان جانتا ہے۔لیکن مجھے زیادہ غیرت اس بات میںہے کہ کیا ہمارے حقیقی پیارے کے مقابل پر کوئی اور ہونا چاہئے؟ ہمیشہ سے میرا دل یہ فتویٰ دیتا ہے کہ غیر سے مستقل محبت کرنا کہ جس سے ِللّٰہی محبت باہر ہے خواہ وہ بیٹا ہو یا دوست، کوئی ہو ایک قسم کاکفر اور کبیرہ گناہ ہے۔جس سے اگر شفقت ور حمت الٰہی تدارک نہ کرے توسلبِ ایمان کاخطرہ ہے۔سو آپ یہ اللہ جلّشانہ کا احسان سمجھیں کہ اس نے اپنی محبت کی طرف آپ کو بلایا۔۔۲؎ اورنیز ایک جگہ فرماتا ہے جلّشانہٗ وعزّاسمہ ۔۳؎ یعنی کوئی مصیبت بغیر اذن اور ارادہ الٰہی کے نہیں پہنچتی اور جو شخص ایمان پر قائم ہو۔خدا اس کے دل کو ہدایت دیتا ہے۔یعنی صبر بخشتا ہے اور اس مصیبت میں جو مصلحت اور حکمت تھی۔وہ اسے سمجھادیتا ہے اور خد اکو ہر ایک چیز معلوم ہے۔میں انشاء اللہ آپ کے لئے دعا کروں گا اور اب بھی کئی دفعہ کی ہے۔چاہئے کہ سجدہ میں اور دن رات کئی دفعہ یہ دعا پڑھیں۔یَا اَحَبَّ مِنْ کُلِّ مَحْبُوْبٍ اِغْفِرْلِیْ ذُنُوْبِیْ وَ اَدْخِلْنِیْ فِی عِبَادِکَ الْمُخْلَصِیْنَ۔آمین۔٭ والسلام ۱۵؍ فروری ۱۸۸۸ء خاکسار غلام احمد از قادیان