مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 532 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 532

مکتوب نمبر ۱۱۰ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی۔السلام علیکم۔بباعث علالت طبع اور موسمی بخار آنے کے میں آپ کی طرف خط نہیں لکھ سکا۔آپ کو اللہ جلّشانہٗ جزاء خیر بخشے۔آپ نے بہت سعی کی ہے۔اب میرا تپ ٹوٹ گیا ہے، کچھ شکایت باقی ہے۔میاں فتح خاں کے آتے وقت اگر کچھ بندوبست ہو سکے تو کچھ رعایت ہو جائے گی۔آئندہ جو مرضی مولا۔اور سب خیریت ہے۔والسلام ۲۹؍ نومبر ۱۸۸۷ء خاکسار غلام احمداز قادیان مکتوب نمبر ۱۱۱ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ اللہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ آپ کی یاد دہانی پر برابر سندر داس کے لئے دعا کی جاتی ہے۔ترتب اثر جلّ شانہٗ کے اختیار میں ہے۔میاں فتح خاں کو اطلاع دے دی ہے۔اب تک کچھ حال معلوم نہیں۔شاید آپ کو کوئی خط آیا ہو۔اور سب طرح سے خیریت ہے۔والسلام ۱۲؍ دسمبر ۱۸۸۷ء خاکسار غلام احمدعفی عنہ از قادیان ضلع گورداسپورہ