مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 500
مکتوبات احمد ۵۰۰ مکتوب نمبر ۶۹ ملفوف بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ مشفقی مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلمۂ تعالی ۔ بعد السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ ۔ جلد دوم شیخ مہر علی صاحب کی نسبت اب تک کوئی خبر نہیں آئی کہ بریت پا کر بخیر و عافیت گھر پہنچ گئے ۔ اگر آپ کو خبر ملی ہو تو برائے مہربانی اطلاع بخشیں۔ قرضہ کی بابت تجربہ کار لوگوں سے دریافت کیا گیا تو انہوں نے اس تجویز کی تجسس کی لیکن یہ کہا کہ جس حالت میں انہیں کتابوں کی فروخت سے قرضہ اُتارا جائے گا۔ تو اس صورت میں کم سے کم ادائے قرضہ کی میعاد ا یک سال چاہئے ۔ کیونکہ سراج منیر پانچ مہینہ سے کم میں نہیں چھپے گا ۔ اس لئے میں نے تو کلاً علی اللہ بعض دوستوں کو لکھا ہے اور میرا ارادہ ہے کہ اگر قرضہ کا بندو بست حسب دلخواہ ہو جاوے تو بہت جلد اس کام کو شروع کروں ۔ آپ کو میں نے چھ ماہ کے وعدہ کے لئے لکھا تھا۔ مگر در حقیقت وعدہ ایک سال بہت خوب ہے۔ اگر آپ متحمل ہوسکیں تو اس ثواب کے لینے میں عین جدو جہد کریں ۔ میرا ارادہ ہے کہ رمضان شریف میں یہ کام شروع ہو جائے ۔ آئندہ جو ارادہ الہی ہو۔ مجھے اس وقت زبانی یاد نہیں کہ آپ نے کتابوں کی قیمت میں کیا کچھ ارسال فرمایا تھا اور کیا باقی ہے۔ بہر حال جو کچھ باقی ہے اب اس موقعہ میں جہاں تک جلدی ممکن ہو بھیجنا چاہئے اور نیز اس قرضہ کی بابت جو اس میعاد کے لئے ہو جیسی مرضی ہو ا طلاع دینی چاہئے ۔ زیادہ خیریت ہے ۔ ۲۹ رمئی ۱۸۸۷ء والسلام خاکسار غلام احمد از قادیان