مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 481 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 481

فرماتا ہے کہ نیکیوں کی برکت سے بدیوں پر آخر انسان غالب آجاتا ہے۔خاکسار ۲۵؍ جون ۱۸۸۶ء غلام احمد عفی عنہ از قادیان مکتوب نمبر ۳۹ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃا للہ وبرکاتہ۔عنایت نامہ پہنچا۔استغفار کو بہت لازم پکڑنا چاہئے۔جب بندہ عاجزی سے اپنے مولیٰ کریم سے معافی اور مغفرت چاہتا ہے تو آخر اس کے گناہ بخشے جاتے ہیں اور اس کے دل کو گناہ کی طرف سے نفرت دی جاتی ہے۔استغفار کی حقیقت یہ ہے کہ انسان رو کر اور تضرع سے اللہ جلّشانہٗ سے اپنے گناہوں کی معافی چاہے۔سو استغفار کا کم سے کم یہ اثر ہوتا ہے کہ غضبِ الٰہی سے بچ جاتا ہے اور آخری اثر استغفار کا یہ ہے کہ گناہوں سے بچایا جاتا ہے۔یہ عاجز بھی آپ کے لئے دعا کرتا ہے مگر ترتیب اثر کے لئے جلدی نہیں کرنی چاہئے۔اس میں حکمتِ الٰہی ہے۔استغفار ہر گز نہ چھوڑنا چاہئے۔یہ بہت مبارک طریق ہے۔رسالہ جب تیار ہو گا تو اطلاع دی جائے گی۔والسلام۔بخدمت چوہدری محمد بخش صاحب سلام مسنون پہنچے۔خاکسار ۳؍ جولائی ۱۸۸۶ء غلام احمد عفی عنہ