مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 419
مکتوب نمبر۸۹ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔اس جگہ بفضلہ تعالیٰ سب طرح سے خیریت ہے۔جناب الٰہی میں آپ کے لئے سلسلہ دعا کا شروع ہے۔وَمَنْ دَقَّ بَابَ الْکَرِیْمِ یُفْتَحْ۔چند روز ہوئے کہ مدراس سے ایک شیشی خورد مشک کی آئی۔وہ پرچہ جس پر فریسندہ کا نام تھا ڈاکخانہ سے گم ہو گیا۔وہ زبانی شکی طور پر کہتے ہیں کہ شاید یہ مدراس سے آئی۔اس سے پہلے ایک عجیب واقعہ گزرا کہ ایک شخص نے مجھ کو پوچھا کہ جو انبیاء علیہم السلام بعض کھانے کی چیزوں کو برکت دیا کرتے تھے اور کھانا ختم نہیں ہوتا تھا وہ برکت کیا چیز تھی؟ میں نے جواب دیا کہ جس چیز پر ایک مقبول آدمی دعا کرے اس کاسلسلہ لمبا کیا جاتا ہے۔جلدی ختم نہیں ہوتا خواہ کسی طرح لمبا کیا جائے۔اتفاقاً اس وقت میرے پا س ایک شیشی مشک کی تھی۔جو اس میں بہت تھوڑی سی مشک تھی میں نے کہا کہ دیکھو ہم ا س کوبرکت دیتے ہیں تا یہ مشک آج یا کل ختم نہ ہو جائے تب میں نے اس پر دعائے برکت پھونک دی اور اسی روز تیسرے پہر یہ مشک آگئی جو کہتے ہیں غالباً مدراس سے آئی۔جنہوں نے یہ معاملہ دیکھا ان کے ایمان میں ترقی کاموجب ہوا۔مجھے آپ اطلاع دیں کہ کس تاریخ تک آپ کا ارادہ ہے کہ آپ قادیان میں تشریف لاویں۔دس روز پہلے اطلاع دیں۔والسلام ۱۰؍ ستمبر ۱۹۰۲ء خاکسار میرزا غلام احمد عفی عنہ