مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 404
مکتوب نمبر۷۵ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔عنایت نامہ پہنچا۔میں بباعث قدیمی بیماری کے جو آج کل ستمبر کے مہینہ میں اکثر مجھے ہوتی ہے بیمار رہا اور اب تک میری طبیعت صاف نہیں ہے اگر خدا تعالیٰ نے چاہا تو یکم اکتوبر یعنی موسم کی تبدیلی کے وقت طبیعت صاف ہو گی اورمیںنے آنمکرم کے اس مقدمہ کے لئے بھی دعا کرنی شروع کر دی ہے اور عزیزی سیٹھ احمد صاحب کی بیوی کے لئے بھی دعا کرتا ہوں۔امید کہ طبیعت درست ہونے پر بہت توجہ سے دعا کروں گا۔میری طبیعت کچھ ایسی ضعیف اورکمزور ہو رہی ہے کہ بسا اوقات میں خیال کرتا ہوں کہ گویا چند دم ہی میری عمر میں سے باقی ہیں مگر بایں ہمہ آپ کے لئے میں دعا کرنے کو کبھی نہیں بھولتا۔میں انشاء اللہ اگر خدا تعالیٰ کے فضل وکرم سے زندگی ہوئی تو آپ کے ہر ایک مقصد کے لئے دعا کروں گا اور مجھے امید یہی ہے کہ اگر مجھے دعا کرنے کے لئے وقت دیا گیا تو وہ دعا قبول ہو گی۔میں بباعث علالت طبع کے اس وقت زیادہ نہیں لکھ سکتا اس لئے اسی قدر پر چھوڑتا ہوں۔والسلام ٭ خاکسار میرزا غلام احمد از قادیان ضلع گورداسپور