مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 403 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 403

مکتوب نمبر۷۴ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔عنایت نامہ پہنچا۔مجھے سخت افسوس ہے جس کو میں بھول نہیں سکتا کہ مجھ کو قبل اس حادثہ وفات کے وقت اس کامل دعا کا موقعہ نہیں ملا جو اکثر کرشمۂ قدرت دکھلاتی ہے۔میں دعا تو کرتا رہا مگر وہ اضطراب جو سینہ میں ایک جلن پید اکرتا ہے اور دل کو بے چین کرتا ہے وہ ا س لئے کامل طور پر پیدا نہ ہوا کہ آپ کے عنایت نامجات میں جو حال میں آئے تھے یہ فقرہ بھی درج ہوتا رہا کہ اب کسی قدر آرام ہے اور آخری خط آپ کا جو نہایت اضطراب سے بھرا ہوا تھا اس تار کے بعد آیا جس میں وفات کی خبر تھی۔اس خانہ ویرانی سے جو دوبارہ وقوع میں آگئی رنج اور غم تو بہت ہے۔اور نہ معلوم آپ پر کیا کیا قلق اور رنج گزرا ہو گا لیکن خد ا وند کریم و رحیم کی اس میں کوئی بڑی حکمت ہو گی۔یہ بیماری طبیبوں کے نزدیک متعدی بھی ہوتی ہے اور اس گھر میں جو ایسی بیماری ہو سب کوخطرہ ہوتا ہے اور خاوند کے لئے سب سے زیادہ۔سو شاید ایک یہ بھی حکمت ہو خدا وند تعالیٰ عزیزی سیٹھ احمد صاحب کی عمر دراز کرے اور اس کے عوض میں بہتر صورت عطا فرمائے۔یہ ضروری ہے کہ آپ اس غم کو حد سے زیادہ اپنے دل پر نہ ڈالیں کہ ہر ایک مصیبت کا اجر ہے اور مناسب ہے کہ اب کی دفعہ ایسے خاندان سے رشتہ نہ کریں جن میں یہ بیماری ہے اور نیز جو آپ نے اپنے لئے تحریک کی تھی اس تحریک سے بھی سُست نہ ہوں۔خد اتعالیٰ پر توکّل کر کے ہر ایک کام درست ہو جاتا ہے۔باقی سب خیریت ہے۔کتاب تریاق القلوب چھپ رہی ہے انشاء اللہ القدیر دو تین ہفتہ تک چھپ جائے گی باقی خیریت ہے۔والسلام ٭ ۱۶؍ ستمبر ۱۸۹۹ء خاکسار میرزا غلام احمد