مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 402
مکتوب نمبر۷۳ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔مبلغ ایک سو روپیہ مرسلہ آں مکرم اس سو روپیہ کے بعد جو پہلے آںمکرم بھیج چکے تھے مجھ کو پہنچا۔اللہ جلّشانہٗ بہت بہت جزائے خیر دنیا و آخرت میں آپ کو دے اوراپنے فضل وکرم سے بلائوں سے بچاوے آمین ثم آمین۔اب جیسا کہ آپ نے تحریر فرمایا تھا۔آپ کی تشریف آوری کی انتظار ہے اللہ تعالیٰ تمام تر خیریت و عافیت کے ساتھ آپ کو لاوے۔آمین ثم آمین۔مُنجّمین اخباروں کے ذریعہ بہت شور مچا رہے ہیں کہ۱۳؍ نومبر ۱۸۹۹ء تک دنیا کا خاتمہ ہے یعنی اگر ستارہ کی زمین کے ساتھ ٹکر ہوگئی۔لیکن مجھے اب تک کچھ معلوم نہیں ہوا۔خد اتعالیٰ لوگوں کوتوبہ کی توفیق دے۔موسم کے حالات ردّی ہیں۔پنجاب میں بارش نہیں ہوئی۔خریف اور ربیع دونوں سے زمینداروں کو نااُمیدی ہو گئی۔کلکتہ میں طاعون شروع ہوگیا۔اخبار میں لکھا ہے کہ جناب نواب وائسرائے بہادر نے طاعون کا ٹیکا لگوایا ہے۔زیادہ خیریت ہے۔والسلام ٭ ۲۵؍ اگست ۱۸۹۹ء خاکسار مرز اغلام احمد