مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 390
مکتوب نمبر ۶۰ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ‘۔دو عنایت نامے یکے بعد از دیگرے پہنچے۔آپ کی تشویشات کو اللہ تعالیٰ دور فرماوے اور اس طرف یہ حال ہے کہ جیسے ایک گدا کچھ سوال کر کے اسی دروازہ پر جم کر کھڑا ہو جاتا ہے جب تک کہ اندر سے اس کو کچھ دیا نہ جائے۔یہی حال ہمارا آپ کے لئے ہے۔آپ اگر بیقرار ہوں یا نہ ہوں، ہماری طرف سے سلسلہ دعا کا جاری ہے اور جناب الٰہی کے آستانہ سے امید کی جاتی ہے کہ رات کو یا دن کو یہ بشارت ہم کو ملے۔زمین و آسمان پید ا کرنے والے کے آگے یہ آرزوئیں کیا چیز ہیں۔اس کی ایک نظر فضل سے ہزاروں پیچیدہ کام سہل ہو جاتے ہیں۔اس طرف اب بظاہر طاعون سے امن ہے۔پھر بعد میں کوئی واردات نہیں ہوئی زیادہ خیریت ہے۔والسلام ۱۲؍ دسمبر ۱۸۹۸ء خاکسار مرز اغلام احمد عفی عنہ