مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 354
مکتوب نمبر ۱۷ مخدومی مکرمی اخویم حاجی سیٹھ عبدالرحمن صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ‘۔کل کی ڈاک میں ایک نہایت عمدہ ریشمی تھان اطلس مرسلہ آنمکرم بذریعہ پارسل ڈاک مجھ کو ملا۔خد ا تعالیٰ متواتر اور متوالی خدمات کادونوں جہان میں آپ کو ثواب بخشے اور آپ پر راضی ہو اور اس بے ثبات دنیا کی مکروہات سے امن میں رکھے۔آمین ثم آمین۔یہ عاجز بفضلہ تعالیٰ بخیروعافیت ہے اور تمام احباب اور اخویم مولوی سید محمد احسن صاحب بخیرو عافیت ہیں۔اس جگہ کے احباب کی خدمت میں السلام علیکم۔خاکسار ۲۱؍ رمضان المبارک ۱۳۱۲ھ مرزا غلام احمد عفی عنہ ٭…٭…٭ مکتوب نمبر۱۸ مخدومی مکرمی اخویم حاجی سیٹھ عبدالرحمن صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ‘۔کل کی ڈاک میں مبلغ ایک سَو روپیہ مرسلہ آں مکرم مجھ کو پہنچا جزاکم اللّٰہ خیر الجزاء و احسن الیکم فی الدنیا والعقبٰی۔اس جگہ ہندوئوں کے ہر روزہ مقابلہ سے نہایت کم فرصتی رہتی ہے۔معلوم ہوتا ہے کہ خدا تعالیٰ اپنی فضل وکرم سے کوئی نشان دکھانے والا ہے۔امید کہ آنمکرم اپنی خیر و عافیت اور تمام عزیزوں کی خیروعافیت سے مطمئن فرماتے رہیں۔بخدمت محبی سیٹھ صالح محمد صاحب السلام علیکم۔جو آپ نے کپڑے اور کڑے لڑکی کے لئے بھیجے تھے وہ سب پہنچ گئے ہیں۔باقی خیریت ہے۔والسلام خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ