مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 352
مکتوب نمبر۱۴ مخدومی مکرمی اخویم حاجی سیٹھ عبدالرحمن صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ۔آج کی ڈاک میں مبلغ ایک سو روپیہ آنمکرم مجھ کو ملا۔جزاکم اللّٰہ خیر الجزاء واحسن الیکم فی الدنیا والعقبٰی۔الحمد للّٰہ والمنۃ۔آپ میں صحابہ آنحضرت صلے اللہ علیہ وسلم کے اخلاص اور صدق کا رنگ پایا جاتاہے۔خدا تعالیٰ آپ کا نگہبان ہو۔اور تمام مکروہات سے آپ کو محفوظ رکھے۔آمین۔اس ملک میں اگرچہ غربا اور مساکین کثرت سے ہماری جماعت میں داخل ہو رہے ہیں مگر ابھی تک متعصب مولوی اسی اپنے بخل پر قائم ہیں اور ہر ایک طرح سے منہ کھول کر لوگوں کو حق کے قبول کرنے سے روکنا چاہتے ہیں۔مجھے اس سے بہت خوشی ہوئی کہ چند روز ہوئے ہیں کہ خدا تعالیٰ کی طرف سے یہ مبشر الہام مجھے ہو ا ہے۔انی مع الافواج اٰتیک بغتۃً ۱؎ ترجمہ یعنی میں فوجوں کے ساتھ ناگاہ ترے پاس آنے والا ہوں۔یہ کسی عظیم الشان نشان کی طرف اشارہ معلوم ہوتا ہے اور ظاہر بھی ہے کہ بجز آسمانی نشانوں کے دنیا حق کی طرف جھکتی نظر نہیں آتی۔تعصب بہت بڑھ گیا ہے۔بخدمت عزیزی سیٹھ صالح محمد صاحب اور محبی مشفقی مرزا خدا بخش صاحب اگر وہاں ہوں۔السلام علیکم۔والسلام ۳؍جنوری ۱۸۹۷ء خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ