مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 351 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 351

اوقات ان کو لوگوں پر ظاہر کرو تا لوگ تمہارے نمونہ پر چلیں۔کیونکہ انسان کی عادت ہے کہ نمونہ دیکھ کر اس میں قوت پیدا ہوتی ہے۔سو امید رکھتا ہوں کہ اگر آئندہ کسی رسالہ میں جلد یا دیر سے ایسا لکھوں تو آپ اس سے موافقت ظاہر کریں۔ہمارے کام محض اللہ جلّشانہ کے لئے ہیں اور کسی کی نسبت وہ حالات اور واقعات جو لکھے جائیں حاشا وکلّا اس کی خوشامد کے لئے ہرگز نہیں اور نہ اس کے خوش کرنے کے لئے، کہ یہ سخت معصیت ہے۔بلکہ نمونہ دکھلانے کے لئے صحت نیت سے محض لِلّٰہِ ہو گا وَاِنَّمَا الْاَعْمَالُ بِالنِّیَّاتِ اور عنقریب بعض کاغذ دستخط کے لئے آنمکرم کی خدمت میں بھیجے جائیں گے امید کہ آنمکرم بہت کوشش کر کے ان کی تعمیل کر دیں۔والسلام خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ ٭…٭…٭ مکتوب نمبر۱۳ محبی مکرمی اخویم حاجی سیٹھ عبدالرحمن صاحب سلّمہ اللہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ۔آج کی ڈاک میں مجھ کو آپ کا خط ملا۔آپ کی بہو کی علالت طبع کا حال معلوم کر کے نہایت تردّد ہو ا۔اسی وقت دعا کی گئی۔اللہ جلشانہٗ آپ پر رحم فرماوے اور صدمات سے محفوظ رکھے۔میں انشاء اللہ القدیر بہت دعا کروں گا۔دنیا جائے ابتلا اور جائے امتحان ہے۔یہ مرض درحقیقت بہت خطرناک اور نازک ہے اور رِئیہ زیادہ آفت کا تحمل نہیں رکھتا اور گل جاتا ہے اور رِئیہ کی آفت کے ساتھ جو لازمی تپ ہو وہ دق کہلاتی ہے۔اللہ جلّشانہٗ اس بلا سے بچاوے اور اس آفت سے محفوظ رکھے۔کہتے ہیں کہ مچھلی کاتیل اس کے (لئے) مفید ہوتا ہے اور بکری کے پایہ کی یخنی بھی مفیدہے۔بر عایت ظاہر اسباب کسی حاذق ڈاکٹر سے علاج کرانا چاہئے اور یہ عاجز دعا کرتا رہے گا۔اللہ جلّشانہٗ شفا بخشے۔آمین ثم آمین۔