مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 344
متمثّلکئے گئے ہوں گے اور غالباً وہ روپیہ بھیجیں گے۔اور میں نے اس خواب کو عربی زبان میں اپنی کتاب میں لکھ لیا۔چنانچہ کل اس کی تصدیق ہو گئی۔الحمدللہ ! یہ قبولیت کی نشانی ہے کہ مولیٰ کریم نے خواب اور الہام سے تصدیق فرمائی۔اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے اور فضل سے مکروہات سے بچاوے اور آپ کے ساتھ ہو۔میں عنقریب ایک کتاب منن الرحمٰن نام شائع کرنے والا ہوں۔شاید کل اس کے کاغذ کے لئے لاہور میں آدمی بھیج دوں۔اس میں یہ بیان ہے کہ خدا تعالیٰ نے ہم پر کیا کیا فضل کئے اور قرآن کریم کی بعض آیتوں کی تفصیل ہو گی۔غالباً عربی زبان میں معہ ترجمہ ہو گی۔باقی خیریت ہے۔والسلام۔از طرف محبی اخویم مولوی حکیم نور دین صاحب السلام علیکم معلوم کریں۔خاکسار ۱۷؍ مارچ ۱۸۹۵ء مرزا غلام احمد ٭…٭…٭ مکتوب نمبر۶ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ صاحب سلّمہ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔کل کی ڈاک میں مبلغ ایک سو روپیہ نقد مرسلہ آنمکرم مجھ کو مل گیا خدا تعالیٰ متواتر خدمات کے عوض میں آپ کو متواتر اپنے فضل اور جزا سے خوش کرے آمین ثم آمین۔کتاب تریاق القلوب چھپ رہی ہے، ابھی میں نہیں کہہ سکتا کہ کب ختم ہو۔شاید اگر اللہ تعالیٰ چاہے تو دو ہفتہ تک ختم ہو جائے۔یہ آپ کے حصہ میں اللہ تعالیٰ نے رکھا ہے کہ مشکلات میں آپ کی طرف سے مدد پہنچتی ہے اس ملک میں سخت قحط ہو گیا ہے۔اور اب تک بارش نہیں ہوئی اور اب کی دفعہ ابتلا کا سخت اندیشہ ہے کیونکہ ہمارے سلسلہ کے اخراجات کا یہ حال ہے کہ علاوہ اورخرچوں کے دوسو روپیہ ماہوار کا آٹا ہی آتا ہے۔اب میں خیال کرتا ہوں اور پانچ سو روپیہ کا آئے گا اور زیادہ سے زیادہ ایک ماہ تک چلے گااور دوسرے اخراجات بھی مہمان داری کے ہوتے ہیں وہ بھی اس کے قریب قریب ہیں۔چنانچہ ایندھن یعنی جلانے کی لکڑی وغیرہ غلہ کی طرح کمیاب ہو گئی ہیں اور ایسی کمیاب ہے کہ شاید اب کی دفعہ ڈیڑھ سو یا دو سو روپیہ ماہوار اسی کا خرچ ہو۔میں ڈرتا ہوں کہ وہی وقت نہ آ گیا ہو جو کہ احادیث میں پایا