مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 343 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 343

اورآپ کے لئے غائبانہ دعا کرتا رہتا ہوں اور آپ کے بھائی صالح محمد اور علی محمد اور یونس کے لئے بھی دعا کرتا ہوں کہ اللہ جلّشانہٗ دنیا کی بلائوں سے بچاوے اور دین کی لغزشوں سے محفوظ رکھے۔آپ کا پہلا روپیہ بھی پہنچ گیا۔والسلام ۹؍ دسمبر ۱۸۹۴ء خاکسار غلام احمد ٭ ٭…٭…٭ مکتوب نمبر ۵ محب یک رنگ مکرمی اخویم حاجی سیٹھ عبدالرحمن صاحب اللہ رکھا۔سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔کل کی ڈاک میں بذریعہ تار مبلغ پانچ سَو روپیہ مرسلہ آنمکرم مجھ کو پہنچ گیا۔خدا تعالیٰ آپ کو ان لِلّہی خدمات کا دونوں جہان میں وہ اجر بخشے جواپنے مخلص اور وفادار بندوں کا بخشتا ہے۔آمین ثم آمین۔یہ بات فی الواقعہ سچ ہے کہ مجھ کو آپ کے روپیہ سے اس قدر دینی کام میں مدد پہنچ رہی ہے کہ اس کی نظیر میرے پاس بہت ہی کم ہے۔میں اللہ تعالیٰ سے چاہتا ہوں کہ آپ کو ان خدمات کا وہ بہ رحمت پاداش بخشے کہ تمام حاجات دارین پر محیط ہو اور اپنی محبت میں ترقیات عطا فرماوے۔محض اللہ تعالیٰ کے لئے اس پُر آشوب زمانہ میں جو دل سخت ہو رہے ہیں آگے سے، آگے بڑھانا کچھ تھوڑی بات نہیں ہے۔انشاء اللہ القدیر۔آپ ایک بڑے ثواب کا حصہ پانے والے ہیں کچھ تھوڑے دن ہوئے ہیں کہ مجھ کو خواب آیا تھا کہ ایک جگہ میں بیٹھا ہوں یک دفعہ کیا دیکھتا ہوں کہ غیب سے کسی قدر روپیہ میرے سامنے موجود ہو گیا ہے۔میں حیران ہوا کہ کہاں سے آیا۔آخر میری یہ رائے ٹھہر ی کہ خدا تعالیٰ کے فرشتہ نے ہماری حاجات کے لئے یہاں رکھ دیا ہے۔پھر ساتھ الہام ہوا کہ اِنِّیْ مُرْسِلٌ اِلَیْکُمْ ھَدِیَّۃً۔۱؎ کہ میں تمہاری طرف ہدیہ بھیجتا ہوں اور ساتھ ہی میرے دل میں پڑا کہ اس کی یہی تعبیر ہے کہ ہمارے مخلص دوست حاجی سیٹھ عبدالرحمن صاحب اس فرشتہ کے رنگ میں