مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 342 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 342

روسیاہی اور ان لوگوں کی روسیا ہی مطلوب ہے جو مسلمان کہلا کر ان کے رفیق بن بیٹھے ہیں۔شاید ایک ہفتہ تک دوہزار روپیہ کا اشتہار آپ کے پاس پہنچے گا اور غالباً یہ اشتہار دس ہزار تک چھپے گا۔والسلام خاکسار غلام احمد (اس خط پہ تاریخ نہیں مگر مضمون سے معلوم ہوتا ہے ستمبر ۱۸۹۴ء کا ہے۔ایڈیٹر) ٭…٭…٭ مکتوب نمبر ۴ مکرمی مخلص و محب یک رنگ حاجی سیٹھ اللہ رکھا عبدالرحمن صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ۔آنمکرم کے ایک سو روپیہ مرسلہ بذریعہ تارکل کی ڈاک میں مجھ کو ملا۔خدا تعالیٰ ان خدمات کا بدلہ جو آپ للّٰہ کر رہے ہیں، دین ودنیا میں آپ کو عطافرماوے اورہر ایک قسم کی بلا اور آفت سے محفوظ رکھے۔آمین ثم آمین۔آپ کا روپیہ جس قدر دینی کاموں اور اغراض میں ہمیں کام آرہا ہے۔اس سے اطمینان دل کے ساتھ میں سمجھتا ہوں کہ اللہ جلشانہٗ نے ثواب کبریٰ پہنچانے کا آپ کے لئے ارادہ فرمایا ہے۔دنیا کی حقیقت خدا تعالیٰ کے نزدیک اس قدر ہیچ ہے کہ پَرپشہ کے برابر بھی نہیں اس لئے فاسق، فاجر اور بڑے بڑے کافر بھی اس میں شریک ہیں بلکہ دنیا میں زیادہ عروج انہیں کا نظر آتا ہے۔پس نیک بخت مسلمان کے لئے جو سچا مسلمان ہے فکر آخرت مقدم ہے۔دنیا میں ہم درختوں کے پتے کھا کر بھی گزارہ کر سکتے ہیں، فاقوں سے بھی بسر کرسکتے ہیں۔لیکن آخرت کی ذلّت اور آخری محتاجگی ایک ابدی موت ہے۔سومیں دعا کرتا ہوں کہ اللہ جلّشانہٗ دنیا کی آفات سے محفوظ رکھ کر عاقبت کے مراتب نصیب کرے اور اپنی محبت عطا فرماوے۔آمین۔مجھے آپ سے دلی محبت ہے