مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 324 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 324

اس کے جواب میں حضرت اقدس علیہ السلام نے حسب ذیل مکتوب ارسال فرمایا۔مکتوب نمبر۹۹ ژ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔یہ تجویز آپ کی خدمت میں اس لئے پیش کی گئی تھی کہ فی التاخیر آفات کا مقولہ یاد آتا ہے۔اصل بات یہ ہے کہ میں نے بعض خوابیں دیکھی ہیں اور بعض الہام ہوئے ہیں جن کا میں نے مختصر طور پر آپ کی خدمت میں کچھ حال بیان کیا تھا۔اگر میرے پاس زینب ہو تو دعا کا موقعہ ملتا رہے گا۔میں دیکھتا ہوں کہ لڑکا بھی جوان ہے۔ابھی مجھے نیا مکان بنانے کی گنجائش نہیں اسی مکان میں میں نے تجویز کر دی ہے لیکن چونکہ تجربہ سے ثابت ہے کہ اگر لڑکیاں والد کے گھر سے سرسری طور پر رخصت ہوں تو ان کی دل شکنی ہوتی ہے اس لئے میں اس وقت تک جو آپ مناسب سمجھیں اور رخصت کیلئے تیاری کر سکیں مہلت دیتا ہوں مگر آپ اس مدت سے مجھے اطلاع دے دیں۔میرے نزدیک دنیا کے امور اور ان کی الجھنیں چلی جاتی ہیں۔لڑکیوں کی رخصت کو ان سے وابستہ کرنا مناسب نہیں۔والسلام مرزا غلام احمد