مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 317
مکتوب ہذا منجانب نواب صاحب بنام حضرت اقدس ہے۔ژ بسم اللہ الرحمن الرحیم سیدی ومولائی طبیب روحانی سلمکم اللہ تعالیٰ- السلام علیکم۔میں نے چونکہ آج غسل کیا ہے۔اور سردی کی برداشت بہ سبب اس کے کہ ابھی نزلہ وغیرہ سے فارغ ہوا ہوں نہیں ہے۔اس لئے سیر سے آج معافی چاہتا ہوں۔دوم۔چونکہ میری ابتلائیں آج کل بہت بڑھی ہوئی ہیں اور خصوصاً مالی مشکلات اس لئے اس انتظام کے لئے ضروری طور پر مجھ کو کوٹلہ جانے کی سخت ضرورت ہے۔میں اب تک جا بھی آیا ہوتا مگر بخار ہو جانے کی وجہ سے رک گیا۔اب چونکہ اچھا ہوں اور فصل کا موقعہ ہے وہاں میری سخت ضرورت ہے اس لئے چاہتا ہوں کہ اگر حضور اجازت فرمائیں توکل کوٹلہ چلا جائوں اور ۲۶ یا ۲۷ تک واپس آجائوں گویا اس طرح زیادہ سے زیادہ ایک ہفتہ لگے گا۔سوم۔چونکہ بعض اسباب ایسے پیش آگئے کہ بعض ملازم میرے ساتھ جائیں گے۔یہاں ملازموں کی کمی ہو گی اس لئے عرض ہے کہ ایک ہفتہ کے لئے اگر حضور نور محمد کو اجازت فرما دیں تو وہ میرے بچوں کے پاس ایک ہفتہ رہے۔چہارم۔رتھ کی بھی اجازت چاہتا ہوں۔پنجم۔حضور جانتے ہیں کہ سخت ابتلا کی وجہ سے میں ایسے نازک وقت میں جاتا ہوں ورنہ ایسے موقعہ میں کہ جلسہ سر پر ہے۔اور سردی سخت ہے مجھ کو جانا پڑا ہے بس استدعاء دعا ہے کہ میرے بچوں اور متعلقین کو حسنات دین دنیا حاصل ہوں اور ہر طرح صحت رہے اور ہر طرح خیر رہے اور جس کام کے لئے میں جاتا ہوں وہ بخیر وخوبی ہو جائے۔راقم محمدعلی خان