مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 318
حضور نے جواباً تحریر فرمایا: مکتوب نمبر۹۷ ژ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہٗ۔آپ کو اجازت ہے آپ چلے جائیں۔نور محمد بے شک اس وقت تک رہے صرف اس قدر کام کر دیاکرے کہ پانچ چار روٹیوں کے لئے جو پھلکے پکاتا ہے وہیں آٹا لے جائے اور پکا کر بھیج دے اور لال ٹینوں میں تیل ڈال دیا کرے اور رتھ تو آپ کا مال ہے جب چاہیں لے جائیں اور میں اب ایک مدت سے ہر یک نماز میں آپ کے لئے دعا کرتا ہوں اور کل میں نے سنا ہے کہ میری لڑکی مبارکہ کے (لئے٭) آپ کی طرف سے پیغام آیا تھا۔اس میں ابھی دو مشکلات ہیں۔(۱) ایک یہ کہ ابھی وہ صرف گیارہ سال عمر پورے کر چکی ہے اور پیدائش میں…۱؎ بہت ضعیف البنیان اور کمزور ہے۔کھانسی ریزش تو ساتھ لگی ہوئی ہے جب تک کہ پندرہ سال کی نہ ہو جائے کسی صورت میں شادی کے لائق نہیں اگر پہلے ہو تو اس کی عمر کا خاتمہ ہو جائے گا۔(۲) دوسرے نہایت خوفناک امر جو ہر وقت دل کو غمناک کرتا رہتا ہے ایک پیشگوئی ہے جو چند دفعہ خدا تعالیٰ کی طرف سے ہو چکی ہے میں نے بجز گھر کے لوگوں کے کسی پر اس کو ظاہر نہیں کیا۔اس پیشگوئی کے ایک حصہ کا حادثہ ہم میں اور آپ میں مشترک ہے۔بہت دعا کرتا ہوں کہ خدا اس کو ٹال دے اور دوسرے حصہ کا حادثہ خاص ہم سے اور ہمارے گھر کے کسی شخص سے متعلق ہے۔یہ بھی الہام کسی حصہ کی نسبت ہے کہ ۲۷؍ تاریخ کو وہ واقعہ ہوگا۔نہیں معلوم کس مہینہ کی تاریخ اور کونسا سن ہے۔اخبار میں میں نے چھپوا دیا ہے اور آپ کو معلوم ہوگا کہ شاید ایک مہینہ کے قریب ہوگیا کہ میں نے ایک الہام اخبار میں صرف اشارہ کے طور پر چھپوایا تھا جس کی یہ عبارت تھی کہ ایک نہایت چھپی ہوئی خبر پیش کرتا ہوں۔دراصل وہ خبر انہی حوادث کے متعلق ہے۔یہ بھی دیکھا کہ گھر میں ہمارے ایک بکرا ذبح کیا ہوا کھال اُتاری ہوئی ایک جگہ لٹک رہا ہے۔پھر دیکھا کہ ایک ران لٹک رہی ہے۔یہ سب بعض موتوں کی طرف اشارات ہیں۔میں دعا کر رہا ہوں۔والسلام مرزا غلام احمد