مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 244
مکتوب نمبر۴۳ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَ نُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ محبی عزیزی اخویم نواب صاحب سلّمہ تعالیٰ، السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ اس وقت حفظ ماتقدم کے طور پر امراض خون کیلئے گولیاں بھیجتا ہوں۔جن سے انشاء اللہ القدیر مادہ جذام کا استیصال ہوتاہے۔شرط یہ ہے کہ ایک گولی جو بقدر تین فلفل کے ہو۔ہمراہ آبِ زلال مہندی کھائی جائے۔ا س طرح پر کہ ایک ماشہ برگ حنا یعنی مہندی رات کو بھگویا جاوے اور پانی صرف تین چار گھونٹ ہو صبح اس پانی کو صاف کر کے ہمراہ اس گولی کے پی لیں۔شرینی نہیں ملانی چاہئے۔پھیکا پانی ہو، پانی تلخ ہوگا۔مگر ضروری شرط ہے کہ پھیکا پیا جاوے۔یہ رعایت رکھنی چاہئے کہ ایک ماشہ سے زیادہ نہ ہو۔جب برداشت ہو جائے تو دو ماشہ تک کرسکتے ہیں۔ہر ایک میٹھی چیز سے حتی الوسع پرہیز رہے۔کبھی کبھی کھالیں اور مہینہ میں سے ہمیشہ دس دن دوا کھا لیا کریں۔بیس دن چھوڑ دیا کریں۔یہ دوا انشاء اللہ نہایت عمدہ ہے۔ایسے امراض میں حفظ ماتقدم کے طور پر ہمیشہ دوا کو استعمال کرنا ضروری ہے۔یعنی مہینہ میں دس دن۔والسلام خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ نوٹ:۔اس خط پر کوئی تاریخ نہیں اور یہ خط بذریعہ ڈاک نہیں بھیجا گیا۔بلکہ جیسا کہ اس خط پر ایک نوٹ سے ظاہر ہوتا ہے۔ہمدست میاں کریم بخش بھیجا گیا۔مگر دوسرے خط سے جو اس دوائی کے متعلق ہے کہ جون ۱۸۹۹ء کا ہے۔(عرفانی)