مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 219
مکتوب نمبر۲۱ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُولِہِ الْکَرِیْمِ محبی عزیزی اخویم نواب صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہٗ آپ کو معلوم ہوگا کہ مولوی صاحب کے پانچ لڑکے ہو کر فوت ہوگئے ہیں اب کوئی لڑکا نہیں۔اب دوسری بیوی سے ایک لڑکی پیدا ہوئی ہے۔اس صورت میں مَیں نے خود اس بات پر زور دیاکہ مولوی صاحب تیسری شادی کر لیں۔چنانچہ برادری میں بھی تلاش درپیش ہے مگر میاں نور محمد کھیرو والے کے خط سے معلوم ہوا کہ ان کی ایک ناکدخدا لڑکی ہے اور وہ بھی قریشی ہیں اور مولوی صاحب بھی قریشی ہیں اس لئے کچھ مضائقہ معلوم نہیں ہوتا کہ اگر وہ لڑکی عقل اور شکل اور دوسرے لوازم زنانہ میں اچھی ہو تو وہیں مولوی صاحب کے لئے انتظام ہو جائے۔پس اس غرض سے آپ کو تکلیف دی جاتی ہے کہ آپ کوئی خاص عورت بھیج کر اُس لڑکی کے تمام حالات دریافت کرا ویں اور پھر مطلع فرماویں اور اگر وہ تجویز نہ ہو اور کوٹلہ میں آپ کی نظر میں کسی شریف کے گھر میں یہ تعلق پیدا ہو سکے تو یہ بھی خوشی کی بات ہے کیونکہ اس صورت میں مولوی صاحب موصوف کو کوٹلہ سے ایک خاص تعلق ہو جاوے گا۔مگر یہ کام جلدی کا ہے اس میں اب توقف مناسب نہیں۔آپ بہت جلد اس کام میں پوری توجہ کے ساتھ کارروائی فرماویں۔والسلام ۶؍ جون ۱۸۹۷ء خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ نوٹ از مرتب: مکتوب دو صفحات کا ہے۔اس سے قبل اسی مضمون کا خط حضرت حکیم مولوی فضل الدین صاحب بھیروی نے حضورؑ کے ارشاد سے تحریر کیا۔معلوم ہوتا ہے اُنہوں نے حضورؑ کی خدمت میں ملاحظہ کے لئے پیش کیا ہوگا۔تب حضورؑ نے تاکید کی خاطر تفصیلاً مکتوب ہذا حکیم صاحب کے خط کی پشت پر نیز اگلے صفحہ پر تحریر فرمایا۔