مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 211 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 211

مکتوب نمبر۱۵ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَ نُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ عزیزی محبی اخویم خان صاحب سلّمہ تعالیٰ، السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ آپ کا محبت نامہ پہنچا۔میں بوجہ علالت طبع کچھ لکھ نہیں سکا۔کیونکہ دورہ مرض کا ہو گیاتھا اور اب بھی طبیعت ضعیف ہے۔خدا تعالیٰ آپ کو اپنی محبت میں ترقی بخشے اور اپنی اس جاودانی دولت کی طرف کھینچ لیوے جس پر کوئی زوال نہیں آسکتا۔کبھی کبھی اپنے حالات خیریت آیات سے ضرور اطلاع بخشا کریں کہ خط بھی کسی قدر حصہ ملاقات کا بخشتا ہے۔مجھے آپ کی طرف دلی خیال ہے اور چاہتا ہوں کہ آپ کی روحانی ترقیات بحشپم خود دیکھوں۔مجھے جس وقت جسمانی قوت میں اعتدال پیداہوا تو آپ کے لئے سلسلہ توجہ کاشروع کروں گا۔اللہ تعالیٰ اپنا فضل اور توفیق شاملِ حال کرے۔آمین۔والسلام ۱۴؍ دسمبر ۱۸۹۵ء روز پنجشنبہ غلام احمد عفی عنہ