مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 14 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 14

نوٹ: یہ خط نہایت اہم ہے اور بعض عظیم الشان پیشگوئیاں اس کے اندر موجود ہیں۔سب سے اوّل یہ کہ خدا تعالیٰ آپ کو چار بیٹے دے گا اور ایک ان میں عظیم الشان ہوگا۔اس خط سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ کسی الہام الٰہی سے نہیں بلکہ خود حضرت کا یہ خیال تھا کہ شاید وہ موعود لڑکا تیسری بیوی سے ہو جس کو واقعات نے بتایا کہ وہ دراصل اسی پہلی اہلیہ سے، جس کو خدا تعالیٰ نے اُمّ المؤمنین ہونے کا شرف اور عزت بخشی، پیدا ہونے والا تھا۔جہاں تک واقعات نے ثابت کیا ہے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ وہ پھل جو اس جہان کا نہ تھا۔اس سے مراد دراصل یہ تھی کہ ایک لڑکا تو پیدا ہوگا مگر وہ فوت ہو جائے گا جیسا کہ صاحبزادہ مبارک احمد صاحب۔اَللّٰھُمَّ اجْعَلْہُ لَنَا فَرَطًا وَّ شَافِعًا ۱؎ سبز رنگ کا پھل آپ کو دکھایا گیا تھا۔اس سے سبز اشتہار کی حقیقت بھی ظاہر ہوگئی ہے کہ حضرت مسیح موعو دعلیہ السلام نے اسے سبز رنگ پر کیوں شائع کیا تھا۔پھر ایک اور امر نہایت صفائی سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ حضرت مسیح موعو دعلیہ السلام فی الحقیقت خدا کی جانب سے مامور ہو کر آئے تھے اور آپ کے الہامات خدا کا کلام ہی تھے۔آپ کو ان پر کامل یقین تھا اور یہ بھی کہ انبیاء جس طرح الہامات اور پیشگوئیوں کی تعبیر اور تعین میں قبل از وقت خطاء اجتہادی کر جاتے ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام بھی اس کلیہ سے مستثنیٰ نہ تھے۔آپ کو فرزند موعود کے متعلق اوائل میں یہ اجتہادی غلطی لگ رہی تھی کہ وہ شاید تیسرے نکاح سے پیدا ہوگا۔مگر واقعات نے بتایا کہ ایسا نہیں مقدر تھا۔اور اس التباس کو دور کرنے کیلئے خدا تعالیٰ نے اس پیشگوئی کو ہی منسوخ کر دیا اور قضائے معلّق کو بھی مبرم بنا دیا۔پھر اس خط کی بنا پر اور واقعات کی تائید سے حضرت اُمّ المومنین کا مقام شرف ظاہر ہوتا ہے۔غرض یہ مکتوب گونا گوں امور مہمہ پر مشتمل ہے اور ہمارے ایمانوں کو تازہ کرنے والا ہے۔(عرفانی)