مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 13 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 13

کہ شاید وہ فرزند مبارک اسی اہلیہ سے ہوگا۔اب زیادہ تر الہام اس بات میں ہو رہے ہیں کہ عنقریب ایک اور نکاح تمہیں کرنا پڑے گا اور جناب الٰہی میں یہ بات قرار پا چکی ہے کہ ایک پارسا طبع اور نیک سیرت اہلیہ تمہیں عطا ہوگی، وہ صاحبِ اولاد ہوگی۔اس میں تعجب کی بات یہ ہے کہ جب یہ الہام ہوا تو ایک کشفی عالم میں چار پھل مجھ کو دیئے گئے تین ان میں سے تو آم کے پھل تھے۔مگر ایک پھل سبز رنگ بہت بڑا تھا۔وہ اس جہان کے پھلوں سے مشابہ نہیں تھا۔اگرچہ ابھی یہ الہامی بات نہیں۔مگر میرے دل میں یہ پڑا ہے کہ وہ پھل جو اس جہان کے پھلوں میں سے نہیں ہے، وہی مبارک لڑکا ہے کیونکہ کچھ شک نہیں کہ پھلوں سے مراد اولاد ہے اور جبکہ ایک طرف پارسا طبع اہلیہ کی بشارت دی گئی ہے اور ساتھ ہی کشفی طور پر چار پھل دئے گئے جن میں سے ایک پھل الگ وضع کا ہے۔سو یہی سمجھا جاتا ہے۔واللّٰہ اعلم بالصواب ان دنوں میں اتفاقاً نئی شادی کیلئے دو شخصوں نے تحریک کی تھی۔مگر جب ان کی نسبت استخارہ کیا گیا تو ایک عورت کی نسبت جواب ملا کہ اس کی قسمت میں ذلّت و محتاجگی و بے عزتی ہے اور اس لائق نہیں کہ تمہاری اہلیہ ہو۔اور دوسری کی نسبت اشارہ ہوا کہ اس کی شکل اچھی نہیں۔گویا یہ اس بات کی طرف اشارہ تھا کہ صاحب صورت و صاحب سیرت لڑکا جس کی بشارت دی گئی ہے۔وہ برعایت مناسبت ظاہری اہلیہ جمیلہ و پارساطبع سے پیدا ہو سکتا ہے۔واللّٰہ اعلم بالصواب اب مخالفین آنکھوں کے اندھے اعتراض کرتے ہیں کہ کیوں اب کی دفعہ لڑکا پیدا نہیں ہوا؟ ان کے ابطال میں ایک دوست نے اشتہارات شائع کئے ہیں۔مگر میری دانست میں اس لڑکے کے تولّد سے پہلے ضروری معلوم ہوتا ہے کہ یہ تیسری شادی ہو جاوے کیونکہ اس تیسری شادی میں اولاد ہونے کے اشارات پائے جاتے ہیں۔غالباً اس تیسری شادی کا وقت نزدیک ہے۔اب دیکھیں کہ کس جگہ ارادہ ازلی نے اس کا ظہور مقدر کر رکھا ہے۔الہامات اس بارہ میں کثرت سے ہو رہے ہیں اور ربّانی ارادہ میں کچھ جوش سا پایا جاتا ہے۔وَاللّٰہُ یَفْعَلُ مَایَشَآئُ وَھُوَعَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ۔اپنی خیرو عافیت سے اطلاع بخشیں٭۔والسلام از قادیان ۸؍ جون ۱۸۸۶ء خاکسار غلام احمد عفی عنہ