مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 104 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 104

۔۱؎ ابھی سے عقلی طور سے فوقیت ظاہر ہے کہ جب وہ مخالفوں کے روبرو تقریر کرتے ہیں تو انہیں لاجواب ہونا پڑتا ہے۔والسلام ۱۲؍ فروری ۱۸۹۱ء خاکسار غلام احمد عفی عنہ مکتوب نمبر۶۸ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ یہ عاجز لودہانہ کی طرف جانے کو تیار ہے۔ہر روز آنمکرم کے مضمون کی انتظار رہتی تھی۔کل مولوی محمد حسین صاحب کا خط آیا ہے اور آپ کی نسبت لکھا تھا کہ وہ ناراض ہوگئے ہیں یعنی اس عاجز کی وجہ سے۔آج میں نے انہیں لکھا ہے کہ آپ اوّل ملاقات کریں اور رسالوں کو دیکھیں۔ہر دو۲رسالے میں نے اپنی طرف سے ان کے پاس بھیج دیئے ہیں اور شاید وہ ملاقات کریں۔نواب محمدعلی خاں صاحب اب تک قادیان میں ہیں۔آپ کا بہت ذکر خیر کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ مجھے مولوی صاحب کی کتاب تصدیق دیکھنے سے بہت فائدہ ہوا اور بعض ایسے عقدہ حل ہوگئے جن کی نسبت ہمیشہ مجھے دغدغہ رہتا تھا۔وہ از بس آپ کی ملاقات کے مشتاق ہیں۔میں نے انہیں کہا ہے کہ اب تو وقت تنگ ہے۔یقین ہے کہ لودہانہ میں یہ صورت نکل آئے گی۔یہ شخص جوان صالح ہے۔حالات بہت عمدہ معلوم ہوتے ہیں۔پابند نماز اور نیک چلن ہے اور نیز معقول پسند۔والسلام ۱۴؍ فروری ۱۸۹۱ء خاکسار غلام احمد عفی عنہ