مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 97 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 97

مکتوب نمبر۶۲ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم مولوی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ دس روپے پہنچ گئے ہیں۔چونکہ کتاب فتح اسلام کسی قدر بڑھائی گئی ہے اور مطبع امرتسر میں چھپ رہی ہے اس لئے جب تک کل چھپ نہ جائے روانہ نہیں ہو سکتی۔امید کہ بیس روز تک چھپ کر آجائے گی۔دوسری ضروری طور پر یہ تکلیف دیتا ہوں کہ مرزا احمد بیگ کا لڑکا جو میرے عزیزوں میں سے ہے۔جن کی نسبت وہ الہامی پیشگوئی کا قصہ آپ کو معلوم ہے۔کچھ عرصہ سے بمرض بحت ؔالصوت مریض ہے۔حنجرہ پر کچھ ایسا مادہ پڑا ہے کہ آواز پورے طور پر نہیں نکلتی یعنی آوازبیٹھ گئی ہے۔میں نے موافق قاعدہ علاج کیا تھا، اب تک کچھ فائدہ نہیں ہوا۔اس کی والدہ کو آپ پر بہت اعتماد ہے اور آپ کے دست شفا پر اسے یقین ہے۔اس نے بصد منت و الحاح کہلا بھیجا تھا کہ مولوی صاحب کی طرف لکھو کہ وہ کوئی عمدہ دوائی تیار کر کے بھیج دیں بلکہ پہلے یہ چاہا تھا کہ اس لڑکے کو جس کا نام محمدبیگ ہے، آپ کی خدمت میں بھیج دیں۔مگر میں نے مناسب سمجھا کہ بالفعل بذریعہ خط آپ کو تکلیف دی جائے۔حلق میں سے پانی بہت آتا ہے۔صبح کے وقت ریزش پختہ نکلتی ہے۔کھانسی بھی ہے۔معلوم ہوتا ہے دماغ سے نوازل گرتے ہیں۔آپ ضرور کوئی عمدہ نسخہ ارسال فرماویں۔اس بیچارے کے اچھے ہو جانے سے ان کو آپ کا بہت احسان مند ہونا پڑے گا اور پہلے بھی آپ کے بہت معتقد ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ آپ کے علاج سے لڑکا اچھا ہو جائے گا۔آپ خاص طور پر مہربانی فرماویں۔والسلام ۲۰؍ دسمبر ۱۸۹۰ء خاکسار غلام احمد عفی عنہ