لباس — Page 107
(109) گھر پیار سے بستے ہیں“ میاں بیوی کے حقوق و فرائض گھر وہ جگہ ہے جہاں محبت اور وفا کے دیئے جلتے ہیں۔گھر جو کہ خدا تعالیٰ کے فضل وکرم سے پیار سے ہی بستا ہے۔گھر وہ جگہ ہے جو انسان کی سارے دن کی تھکان دُور کر دیتا ہے۔گھر جو کہ محبت سے پھلتا پھولتا ہے، اس گلشن کو ہرا بھرا رکھنے میں جو ہستی سب سے زیادہ قربانی دیتی ہے وہ عورت ہے۔عورت کے بغیر گھر گھر نہیں۔عورت کے کئی روپ ہیں۔اگر عورت ماں کے روپ میں ہے تو یہ ہستی کتنی خوش قسمت ہے جس کے بارہ میں ہمارے پیارے رسول حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے ” جنت ماں کے قدموں کے تلے ہے۔“ اگر عورت بیٹی کے روپ میں ہے تو رحمت کا باعث بنتی ہے اگر عورت بہو کے روپ میں ہے تو گھر کی عزت اور نیک نامی کا باعث بنتی ہے۔اگر عورت بہن ہے تو بھائیوں کے لئے آرام اور سکون کا باعث ہوتی ہے۔اگر عورت بیوی کے روپ میں ہے تو اپنے گھر کی جنت کو پروان چڑھانے میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔گویا دنیا میں وہ اپنے شوہر کے لئے ایک جنت نما گھر تشکیل دیتی ہے۔گھر عورت کے دم سے ہے۔اب اس کے ہاتھ میں ہے کہ وہ اس گھر کو جنت بنادے یا دوزخ۔ہم آج کل دیکھتے ہیں کہ حوا کی بیٹی نا سمجھی کا شکار ہوکر اپنے گھر کی جنت سے نکل جاتی ہے، وہ باہر کی دنیا میں اپنے لئے خوشی اور سکون ڈھونڈتی ہے۔مگر یہ چیزیں تو خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے گھر کے اندر ملتی ہیں۔گھر کیوں ٹوٹتے ہیں؟