خطبات وقف جدید

by Other Authors

Page 315 of 682

خطبات وقف جدید — Page 315

315 حضرت خلیفہ امسیح الرابع خدا کی راہ میں کچھ نہ کچھ دیں۔جب وقت آئے گا ان کی امداد بھی ہو گی لیکن امداد کے وقت بھی ان کو قربانی کا ایسا چسکا ڈال دینا چاہیے کہ اس امداد میں سے بھی وہ کچھ خدا کی راہ میں پیش کرنے کی کوشش کرتے رہیں۔قادیان میں ایسے بڑے بڑے خوبصورت واقعات رونما ہوتے رہے ہیں کہ غریب مہاجر جو خالصہ جماعت کے عطا کردہ چندے پر پل رہا تھا جب حضرت مصلح موعودرضی اللہ عنہ تحریکات کرتے تھے تو وہ اسی عطیہ سے بچا کر چندہ دیا کرتا تھا۔ایک خاتون کے متعلق واقعہ پہلے بھی سنا چکا ہوں اس نے دو آنے پیش کئے شدھی کی تحریک کے وقت اس حالت میں کہ اس کی آنکھ سے آنسو جاری تھے اور کہ رہی تھی یہ شلوار بھی جماعت کی ہے یہ میض بھی جماعت کی ہے یہ دوپٹہ بھی جماعت کا ہے یعنی جماعت نے مجھے دیا ہے اور یہ دو آنے جو پیش کر رہی ہوں یہ بھی جماعت نے مجھے دیئے تھے۔اس نے اس رنگ میں قربانی کی کہ اس کا حسن حضرت مصلح موعودؓ کے دل پر اس طرح ثبت ہو گیا کہ بارہا اس کو بیان فرماتے رہے کہ اس وقت اتنا عظیم الشان واقعہ رونما ہوا تھا۔بعض لوگ شاید اس بات پر غور نہیں کرتے کہ یہ واقعہ جو ہے یہ عملاً ہم سب کی زندگی میں روزانہ رونما ہوتا ہے۔جب ہم خدا کو دیتے ہیں تو یہ سمجھ کے دینا چاہیے کہ جو کچھ ہم دے رہے ہیں وہ خدا کا ہی دیا ہوا ہے۔اگر دیں گے کہ اے خدا یہ جو میں تیرے حضور پیش کر رہا ہوں یہ تیرا ہی دیا ہوا ہے تو نے ہی تو دیا تھا میرا سارا وجود تیرا ہی ہے میرا گھر میرے بچے میرے اہل وعیال میرے رشتہ دار غرضیکہ تمام چیزیں جن سے میں فائدہ اٹھاتا ہوں جن سے لطف اٹھاتا ہوں سب کچھ تو نے دیا ہے۔مجھے یہ کہتے ہوئے شرم آتی ہے کہ میں تیرے حضور کچھ پیش کر رہا ہوں مگر دل کی تمنا ہے کہ پیش کروں اس لئے تیرا ہی دیا ہو اپیش کر رہا ہوں اس کو قبول فرما تو اس طرح ہر ایک قربانی حسین ہو جائے گی۔روزانہ ہم یہی کرتے ہیں لیکن خیال نہیں آتا اور اکثر لوگ یہ بھول کر یہ سمجھتے ہیں کہ ہم خدا کو کچھ دے رہے ہیں۔حالانکہ خدا کو کون دے سکتا ہے۔ہماری مثال بے بضاعتی کے لحاظ سے اس غریب پٹھان مہاجر عورت سے بھی کئی گنا آگے ہے۔اس کو تو جو کچھ جماعت نے دیا تھا اس میں سے بچا کر وہ خدا کی راہ میں پیش کر رہی تھی۔اس کے علاوہ وہ سوت کات کے کچھ خود بھی کمالیتی تھی ہمارا جو کچھ ہے خدا ہی کا دیا ہوا ہے، ایسے کسی مال کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا جو خدا کے سوا کسی اور طرف سے نہیں ملتا۔ہم جو کماتے ہیں وہ بھی اللہ کے فضل سے ہی کماتے ہیں۔اگر اس پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ وقف جدید کی قربانیوں میں یا دوسری قربانیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تو پھر آپ دیکھیں کہ اللہ تعالیٰ کتنا پیار کا سلوک فرماتا ہے۔حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے دل پر مہاجر عورت کی قربانی کا واقعہ ہمیشہ کیلئے ثبت ہو گیا تھا۔