خطبات وقف جدید

by Other Authors

Page 74 of 682

خطبات وقف جدید — Page 74

74 حضرت مصلح موعود خطبہ جمعہ فرموده 13 فروری 1959ء بمقام ربوہ سورۃ الفاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: میں نے پچھلے جمعہ کے خطبہ میں کہا تھا کہ بارش زیادہ ہونے کی وجہ سے ہمارے ملک میں غلہ کی حالت بہت خراب ہو گئی ہے اب اخباروں میں بھی چھپا ہے کہ گورنمنٹ کے محکمہ زراعت کا خیال تھا کہ چونکہ اس سال بارش وقت پر ہوگئی ہے، اس لئے اس سال غلہ باہر سے نہیں منگوانا پڑے گا۔لیکن اب چونکہ بارش زیادہ ہوگئی ہے اس لئے اس کا اثر فصلوں پر بہت زیادہ پڑے گا اور خطرہ ہے کہ کہیں غلہ کی پیداوار اس سال بھی امید سے کم نہ ہو۔مجھے ان بارشوں کی وجہ سے جو نقصان پہنچا ہے وہ یہ ہے کہ ڈاکٹروں کا خیال تھا کہ فروری اور مارچ کے مہینہ میں میری بیماری میں افاقہ ہو جائے گا لیکن ٹھنڈک کی وجہ سے میری ٹانگ کے درد میں افاقہ ہونے کی بجائے زیادتی ہوگئی ہے۔اس لئے اس ہفتہ جن صحابیوں اور موصی عورتوں اور مردوں کے جنازے آئے ان کی نماز جنازہ میں نہیں پڑھا سکا۔اور آج بھی مجھے تکلیف زیادہ ہے اس لئے ان کی نماز جنازہ غائب نہیں پڑھا سکتا چونکہ میں نے اگلے ہفتہ سندھ جاتا ہے اس لئے میں کوشش کروں گا کہ اگلے جمعہ ان سب کی نماز جنازہ غائب پڑھا دوں۔دوست تمام مرحومین کے لئے چاہے وہ صحابی تھے یا غیر صحابی موصی تھے یا غیر موصی نماز جمعہ میں دعا کریں کہ خدا تعالیٰ ان کی مغفرت کرے اور ان کے درجات کو بلند کرے اور ان کے رشتہ داروں پر اپنا فضل نازل کرے اور انھیں اپنی پناہ میں رکھے۔دوسری بات میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ دفتر تحریک جدید والوں نے مجھے اطلاع دی ہے کہ وعدوں کی آخری تاریخ اس دفعہ 28 فروری مقرر ہے مگر اس وقت تک وعدے بہت کم آئے ہیں۔دوستوں کو چاہئے کہ وہ جلد سے جلد تحریک جدید کے وعدے بھجوائیں اور 28 فروری سے پہلے پہلے ان وعدوں کی مقدار کو پچھلے سالوں سے بڑھانے کی کوشش کریں۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ تحریک جدید کا کام زیادہ تر پاکستان سے باہر ہے اور چونکہ اس کے لئے گورنمنٹ کی طرف سے ایکسچینج ملنے میں دقتیں ہیں اس لئے شاید دوستوں کا یہ خیال ہو کہ ابھی وعدے بھیجنے کی ضرورت نہیں مگر ان کا یہ خیال درست نہیں گورنمنٹ کے حالات بدلتے رہتے ہیں۔اگر کل کو گورنمنٹ کے حالات سدھر جائیں اور وہ ایکسچینج دینے کے لئے تیار ہو جائے تو