خطبات وقف جدید — Page 507
507 حضرت خلیفہ امسیح الرابع خطبه جمعه فرموده یکم جنوری 1999 ء بیت الفضل لندن تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: إِنَّ الَّذِينَ يَتْلُونَ كِتَابَ اللهِ وَاَقَامُ الصَّلوةَ وَانْفَقُوا مِمَّا رَزَقْنهُمْ سِرًّا وَّعَلَانِيَّةً يَرْجُونَ تِجَارَةً لَّنْ تَبُورَةٌ لِيُوَفِّيَهُمْ أَجُورَهُمْ وَيَزِيدَهُمْ مِّنْ فَضْلِهِ إِنَّهُ غَفُورٌ شَكُورٌ O (فاطر : 30-31) قرآن کریم کی جن آیات کی میں نے تلاوت کی ہے۔ان کو اس وجہ سے خاص طور پر آج کے جمعہ کا موضوع بنایا ہے کہ آج وقف جدید کے نئے سال کا اعلان ہونا ہے اور مالی قربانیوں کے تقاضے جو ہر لحاظ سے جماعت میں بڑھتے چلے جا رہے ہیں وہ تقاضے کس طرح پورے ہو رہے ہیں اور کس طرح اللہ تعالیٰ جماعت کے اموال میں بھی غیر معمولی برکت عطا فرماتا چلا جا رہا ہے۔یہ مضمون ہے جو کچھ میں اس آیت کے حوالے سے بیان کروں گا اور کچھ وقف جدید کے جو اعداد و شمار آپ کے سامنے رکھتا ہوں اس سے بھی مضمون از خود کھل جائے گا میں اس آیت کریمہ کے تعلق میں وقف جدید کے اعداد و شمار تو شروع میں پیش کروں گا لیکن اس آیت کریمہ میں اور اس کے علاوہ بہت سی خوشخبریاں جو اس نئے سال سے ہمارے لئے وابستہ ہو چکی ہیں ان کا ذکر میں بعد میں کروں گاورنہ پھر عموم وقف جدید یا تحریک جدید کے نئے سال کے اعلان کے وقت ان کے کوائف پیش کرنے کا وقت نہیں رہتا اور چونکہ یہ خاص ان کا دن ہے اس لئے ضروری ہے کہ تفصیل کے ساتھ ان کے کوائف کا ذکر کروں اور بعد میں انشاء اللہ یہ جو عمومی مضمون ہیں اور خوشخبریوں کے غیر معمولی مضامین ہیں ان پر میں روشنی ڈالوں گا۔تو سب سے پہلے تو تمام دنیا کی جماعتوں کو السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکانہ اور نیا سال مبارک ہو اور جب میں نیا سال مبارک کہتا ہوں تو سب بنی نوع انسان کے لئے ہی مبارک ہو اگر چہ بظاہر اس کے مبارک ہونے کے آثار دکھائی نہیں دے رہے لیکن جماعت احمدیہ کے لئے تو بہر صورت مبارک ہے اور یہ برکتیں بڑھتی جارہی ہیں اور بڑھتی چلی جائیں گی اور انشاء اللہ اگلی صدی تک پھیل جائیں گی تفصیلی ذکر میں انشاء اللہ بعد میں کروں گا۔اب پہلے رپورٹ ہے۔وقف جدید کی چھتر ممالک کی رپورٹوں کے مطابق کل وصولی دس لاکھ 33 ہزار پاؤنڈ ہوئی ہے