خطبات وقف جدید — Page 590
590 حضرت علیه مسح الخمس ايد العالی بنصرہ العزیز زیادت ایمان و عرفان کے لئے مجھے عطا کی گئی ہے اس معرفت کی آپ کو اور آپ کی ذریت کو نہایت ضرورت ہے۔سوئمیں اس لئے مستعد کھڑا ہوں کہ آپ لوگ اپنے اموال طیبہ سے اپنے دینی مہمات کے لئے مدد دیں اور ہر یک شخص جہاں تک خدائے تعالیٰ نے اس کو وسعت و طاقت و مقتدرت دی ہے اس راہ میں دریغ نہ کرے۔اور اللہ اور رسول سے اپنے اموال کو مقدم نہ سمجھے اور پھر میں جہاں تک میرے امکان میں ہے تالیفات کے ذریعے سے ان علوم اور برکات کو ایشیا اور یورپ کے ملکوں میں پھیلاؤں جو خدا تعالیٰ کی پاک روح نے مجھے دی ہیں“۔(ازالہ اوہام۔روحانی خزائن جلد 3 صفحہ 516) پس آپ کا یہ سچا جوش اور سچی تڑپ ہے اور اس کے لئے آپ کی دعائیں ہیں جو آج سوسال گزرنے کے بعد بھی اخلاص و وفا کے نمونے دکھا رہی ہیں۔کیونکہ اس کے بغیر تزکیہ نفس نہیں ہو سکتا اور دلوں کی پاکیزگی قربانیوں سے ہی پیدا ہوتی ہے۔ورنہ اخراجات کی تو آپ کو فکر نہ تھی آپ فرماتے ہیں کہ آخر خدا تعالیٰ نے یہ ارادہ فرمایا ہے کہ خود اپنے ہاتھ سے اس نے اس سلسلے کو قائم کیا ہے وہ خود ہی اس کا حامی و ناصر ہے لیکن وہ چاہتا ہے کہ اپنے بندوں کو ثواب کا مستحق بنا دے۔پس اس ثواب کو حاصل کرنے کیلئے یاد دہانی کروائی جاتی ہے۔قربانیوں کے یہ معیار قائم کریں۔مختلف تحریکات ہیں جماعت میں اللہ تعالیٰ سب کو معیار بڑھانے کی توفیق عطا فرمائے۔اب میں وقف جدید کا 47 واں سال 31 دسمبر کو جو ختم ہوا ہے اور 48 واں سال شروع ہوا ہے کے کچھ کوائف پیش کروں گا اور یہ جیسا کہ میں نے کہا 48 واں سال شروع ہوا ہے اس سال کا اعلان کروں گا۔رپورٹس کے مطابق اللہ تعالیٰ کے فضل سے وقف جدید کی کل وصولی 19لاکھ 76 ہزار پونڈ ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے اگر ملکوں کا حساب کریں تو ان میں زیادہ قربانیاں ہوئی ہیں۔کیونکہ امریکہ میں بھی اور پاکستان میں بھی اور ملکوں میں بھی پاؤنڈ کے مقابلہ میں شرح میں غیر معمولی کمی ہوئی ہے اور اس کے باوجود خدا کے فضل سے گزشتہ سال سے وصولی ایک لاکھ پونڈ زیادہ رہی ہے۔اور مخلصین کی تعداد چار لاکھ پندرہ ہزار تک پہنچ چکی ہے۔لیکن جیسا کہ میں نے کہا ہے کہ اس میں اگر کوشش کی جائے تو بچوں کے ذریعے سے ہی میرے خیال میں معمولی کوشش سے پوری دنیا میں چھ لاکھ کی تعداد کا اضافہ کیا جاسکتا ہے تاکہ کم از کم وقف جدید میں دس لاکھ افراد تو شامل ہوں تحریک جدید کی طرح نئے آنے والوں کو بھی اس میں شامل کریں بچوں کو شامل کریں۔خاص طور پر بھارت اور افریقہ کے ممالک میں کافی گنجائش ہے۔اللہ تعالیٰ توفیق دے۔