خطبات طاہر (جلد 9۔ 1990ء) — Page 778
خطبات طاہر جلد ۹ 778 خطبه جمعه ۲۱ دسمبر ۱۹۹۰ء خوف پیدا ہوتا ہے کہ میں کیا مانگ رہا ہوں اور اگر یہ دیانتداری سے مانگتا ہے تو پھر ہر بڑی سے بڑی قربانی کے لئے تیار ہونے کی کوشش کرتا ہے اور اَرِنَا مَنَاسِكَنَا ( البقرہ: ۱۲۹) کی دعا مانگ رہا ہوتا ہے۔یہ کہہ رہا ہوتا ہے کہ اے خدا! مجھے میری قربان گاہیں دکھا۔مجھے بتا کہ کہاں کہاں میرے خون کے قطرے تیری راہوں میں بہنے چاہئیں۔کس کس مقام پر میرے سرقلم ہونے چاہئیں اور میری جان تجھ پر فدا ہونی چاہئے۔کتنی عظیم لیکن ایک کتنی مہیب دعا بن جاتی ہے ان معنوں میں کہ انسان منعم علیہم کے گروہ پر جب غور کرتا ہے تو ایک اور ہی تصویر ابھرتی ہے اور اس تصویر کے ساتھ خوف جو پیدا ہوتا ہے اس کے لئے اللہ تعالیٰ نے اس کا علاج قرآن کریم میں ہی رکھ دیا ہے۔فرمایا : منعم علیہ وہ نہیں جو صرف انبیاء سے تعلق رکھتے ہیں بلکہ ان کے مختلف مراتب ہیں وَمَنْ يُطِعِ اللَّهَ وَالرَّسُوْلَ فَأُولَيكَ مَعَ الَّذِينَ أَنْعَمَ اللهُ عَلَيْهِمْ مِنَ النَّبِيِّنَ وَالصَّدِّيقِينَ وَالشُّهَدَاءِ وَالصَّلِحِينَ وَحَسُنَ أُولَيْكَ رَفِيقًان (النساء:۷۰) تو اے بندو! خوف نہ کھاؤ لیکن سچائی سے دعا ضرور مانگو۔اگر تمہیں ابھی یہ حوصلہ نہیں کہ منعم علیہم لوگوں کے سرتا جوں جیسا بننے کی کوشش کرو اور خدا سے یہ دعا مانگو کہ جس طرح ان کی زندگیاں گزریں ویسی ہی ہماری زندگیاں بھی گزریں تو پھر ذرا نیچے اتر جاؤ۔نچلی سیڑھی پر کھڑے ہو کر دعا مانگ لو۔وہاں نہیں ہمت پڑتی تو اس سے نچلی سیڑھی پر کھڑے ہو کر دعامانگ لو۔سب سے آخری چوکھٹ پر کھڑے ہو جاؤ۔صالحین کے اندر ہر قسم کے لوگ شامل ہیں۔ایسے بھی ہیں جن سے کمزوریاں بھی سرزد ہوئیں جن کے اندر زیادہ بوجھ اٹھانے کی طاقت نہیں تھی، اللہ ان سے درگزر فرماتا رہا مگر کسی میں تو ضرور شامل ہو اور کچھ نہ کچھ ویسے نمونے ضرور دکھاؤ جیسے انعام پانے والوں نے اس سے پہلے دکھائے ہیں تو دیکھئے یہ سورہ فاتحہ کی دعا ہمیں کن کن راہوں سے گزارتی رہی ہے، کن کن نئے مطالب اور معارف کے جہان ہمارے سامنے کھولتی جارہی ہے اور کھولتی رہی ہے اور کس طرح ہمیں رفتہ رفتہ سلیقہ سکھاتی ہے، تربیت دیتی ہے کہ خدا تعالیٰ کی عبادت کس طرح ادا کرو، اس سے کیا فائدہ اٹھاؤ، کس طرح اس سے دلی تعلق قائم کر ولیکن جیسا کہ میں نے بیان کیا تھا یہ مضمون تو شاید اور ایک دو خطبوں کا محتاج رہے ابھی وقت ختم ہو رہا ہے۔ایک گھنٹے کے قریب وقت گزر چکا ہے تو اللہ تعالیٰ توفیق عطا فرمائے تو آئندہ یا اس سے آئندہ خطبے میں انشاء اللہ اس مضمون کو جاری رکھیں گے۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ