خطبات طاہر (جلد 9۔ 1990ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 578 of 845

خطبات طاہر (جلد 9۔ 1990ء) — Page 578

خطبات طاہر جلد ۹ 578 خطبه جمعه ۲۸ / ستمبر ۱۹۹۰ء پاتی کہ گویا نعوذ باللہ آپ دے رہے ہیں اور خدا سویا ہوا ہے مگر اس طرح ضرور اطلاق پا جاتی ہے کہ آپ سوئے ہوئے ہیں اور خدا کو دے رہے ہیں اس لئے پورے شعور سے خدا کو دیا کریں۔عاجزی کے ساتھ اس احساس کے ساتھ کہ میرے دینے میں کوئی ایسی ادا شامل ہے جس پر خدا کو پیار آئے گا اور ان اداؤں کی تلاش کیا کریں اور یہ ایسی چیز ہے جو تفصیل سے آپ کے سامنے بیان نہیں کی جاسکتی۔صرف یہ پہلو آپ کے سامنے رکھا جا سکتا ہے کہ عطا کرتے وقت یا پیش کرتے وقت انسان کے قلب کی ایک کیفیت ہوا کرتی ہے۔وہ لفظوں میں ظاہر ہو یا نہ ہو، ہوتی ضرور ہے۔بعض دفعہ وہ کیفیت یہ ہوتی ہے کہ لو پیچھا چھوڑو، جاؤ جہنم میں۔دفعہ ہو میری جان چھوڑو، پیسے کچھ لے لومگر مجھے اعصابی سکون مل جائے اور آپ لفظوں میں کہیں نہ کہیں۔بعض دفعہ آپ اس طرح بھی دیتے ہیں بعض دفعہ مائیں بھی بچوں کو اس طرح دیدیتی ہیں۔مصیبت پڑی ہوتی ہے وہ کان کھانے لگ جاتا ہے، پیچھے پڑ جاتا ہے کہ دوجی دو، دو، دو، دو، وہ کہتی ہے اچھا جاؤ دفعہ ہو جاؤ یہاں سے مجھ سے پیسے لے لو، جاؤ نکلو یہاں سے حالانکہ ماں اتنی محبت کرتی ہے بعض دفعہ فقیروں کو لوگ اس طرح دیدیتے ہیں، بعض دفعہ دیتے ہیں تو رحم کے جذبات ہوتے ہیں۔بعض دفعہ دیتے ہیں تو پیار کے جذبات ہوتے ہیں ،بعض دفعہ دیتے ہیں تو محبت کے جذبات ہوتے ہیں انسان سمجھتا ہے کہ اگر اس نے قبول کر لیا تو میرے لئے کتنی عزت کا مقام ہے، کتنی سعادت ہے اور بعض دفعہ دیتے وقت محسوس ہورہا ہوتا ہے کہ ہم دونوں کے اندر پیار کارشتہ بڑھ رہا ہے۔پس جب میں نے کہا کہ لطیف پہلوؤں پر نظر رکھیں تو میری یہ مراد ہے کہ مالی قربانی کو اس طرح دوام بخشیں کہ آپ کی عمر کے ساتھ ساتھ آپ کو ہمیشہ اچھی اداؤں کی تلاش رہے اور اس رنگ میں خدا کے حضور پیش کیا کریں کہ دیتے وقت آپ کے اندر ایک ہیجانی کیفیت پیدا ہو جایا کرے۔آپ کا دل نرم ہو جایا کرے، آپ سمجھ لیا کریں کہ یہ وہ کیفیت ہے جوضرور مقبول ہوگی کیونکہ اس کیفیت کو دنیا میں کوئی رد نہیں کر سکتا خدا کیسے رد کر سکتا ہے۔پس خدا کرے کہ ہم اپنے مالی قربانی کے نظام کی ہمیشہ حفاظت کریں۔اس کے بدن کی حفاظت کریں، اس کی روح کی بھی حفاظت کریں اگر ایسا ہوگا تو اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ جماعت ہمیشہ دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کرتی چلی جائے گی اور کوئی بھی جماعت کی راہ میں حائل نہیں ہو سکے گا اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔