خطبات طاہر (جلد 9۔ 1990ء) — Page 367
خطبات طاہر جلد ۹ 367 خطبہ جمعہ ۲۹ جون ۱۹۹۰ء پس جن لوگوں کی زندگی لغویات میں بسر ہو رہی ہو اور دنیا کی ادنیٰ اور گھٹی دلچسپیوں میں ان کی تمام تر توجہ ضائع ہو رہی ہو ، ان کو اچھی باتوں کے لئے وقت مل نہیں سکتا یا ملتا بھی ہے تو دلچپسی پیدا نہیں ہوتی۔تو فرمایا کہ یہ میرے بندے جو ہیں جو سچی توبہ کرنے والے ہیں، نیک اعمال کرنے والے ہیں یہ ایسا نہیں کیا کرتے۔یہ جب اچھی بات سنتے ہیں تو ان باتوں کی طرف دھیان دیتے ہیں اور پھر جب کوئی ایسا شخص ان سے گفتگو کرتا ہے جس کے لئے ان کے دل میں احترام ہو تو اور بھی زیادہ توجہ سے ان باتوں کو قبول کرتے ہیں۔گویا کان تو وہ بات بتاتے ہیں جو سمجھ آ رہی ہے اور بیان کرنے والے کا مرتبہ اپنی ذات میں ان کو متاثر کرتا ہے اور بغیر سوال کئے کہ کیوں ہم ایسا کریں؟ اس کے احترام میں وہ بات کو قبول کرنے لگتے ہیں۔اس میں ہمارے گھروں کی تربیت کے لئے بڑے گہرے راز ہیں۔وہ ماں باپ جن کو بات کرنے کا سلیقہ نہ ہو، وہ ماں باپ جن کا اپنی اولاد میں کوئی وقار نہ ہو اور ایک خاص محبت اور احترام کا ان کو مرتبہ حاصل نہ ہو، ان کے بچے بہرے یا اندھے نہ بھی ہوں تب بھی ان کی نصیحتیں بے کار ہیں۔پس حقیقت یہ ہے کہ دونوں باتوں کا ہونا بڑا ضروری ہے۔گھر میں والدین اچھی بات کرنے کا سلیقہ رکھتے ہوں اور ان کا ذاتی مقام اور مرتبہ ایسا ہو کہ اولا دکوان سے گہرا تعلق ہو۔اگر تعلق زیادہ ہوگا تو اپنے ماں باپ کے چہرے دیکھ کر ان چہروں کی خاطر ان کی باتیں مانیں گے اور اگر بات اچھی ہوگی اور وزنی ہوگی تو چہرہ دیکھے بغیر ہی بات اپنی ذات میں ان کو قائل کرنے کی اہلیت رکھتی ہوگی۔پھر فرماتا ہے وَالَّذِيْنَ يَقُولُونَ رَبَّنَا هَبْ لَنَا مِنْ اَزْوَاجِنَا وَذُرِّيَّتِنَا قُرَّةَ أَعْيُنٍ وَاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِينَ إِمَامًا یہ وہ لوگ ہیں جو محض اپنی کوششوں پر انحصار نہیں کرتے بلکہ جانتے ہیں کہ جب تک اللہ تعالیٰ کی طرف سے غیر معمولی نصرت شامل حال نہ ہو خدا تعالیٰ کی تائید ہمیں میسر نہ ہو، ہماری نصیحتیں اور اولاد کی اصلاح کی کوششیں سب بے کار جائیں گی۔پس وہ خدا کے حضور یہ عرض کرتے رہتے ہیں کہ رَبَّنَا هَبْ لَنَا مِنْ أَزْوَاجِنَا وَذُرِيَّتِنَا قُرَّةَ أَعْيُنٍ اے ہمارے رب! ہمیں اپنے جوڑوں سے یعنی اگر عورت ہے تو اس کے لئے بھی زوج کا لفظ استعمال ہوتا ہے اور اگر مرد ہے تو اس کے لئے بھی زوج کا لفظ استعمال ہوتا ہے۔تو ہمیں اپنے زندگی کے ساتھیوں کی طرف سے اور اولاد کی طرف سے آنکھوں کی ٹھنڈک نصیب فرما وَاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِينَ إِمَامًا