خطبات طاہر (جلد 8۔ 1989ء) — Page 483
خطبات طاہر جلد ۸ 483 خطبہ جمعہ ۱۴؍ جولائی ۱۹۸۹ء چالا کیوں کے زور سے دنیا کو قائل کرنے کی کوشش کریں کوئی آپ کی بات نہیں مانے گا۔ایک شرط ہے آپ سب کو خدا والا بنا ہوگا۔اللہ کا سچا پیار اپنے دل میں پیدا کرنا ہوگا۔اللہ کے نام کی خاطر ہر کام صبح ہو یا شام ہو جس حالت میں ہو خدا کو یاد کرتے ہوئے ہر کام کرنا ہوگا۔ایسی آپ کیفیت پیدا کر لیں تو آپ میں سے ایک ایک ایسا ہے جو ولی اور قطب بن سکتا ہے۔آپ میں سے ایک ایک ایسا ہے جو اس علاقے کی تقدیریں بدل سکتا ہے۔تو یہی میرا آپ کو خطاب ہے اور میں امید رکھتا ہوں کہ دنیا کے احمدی بھی اس طرف توجہ کریں گے اور اپنے اندر جلد جلد ایسی پاک تبدیلیاں پیدا کرنے کی کوشش کریں گے کہ دنیا اُن کو خدا کے نمائندے کے طور پر دیکھے اور جن کو خدا اپنا نمائندہ بنائے اُن کو طاقتیں بھی وہی عطا کیا کرتا ہے، اُن کو جذب بھی وہی عطا کیا کرتا ہے اور اُن کو تا شیریں بھی وہی عطا کیا کرتا ہے۔اللہ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔خطبہ ثانیہ کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔جمعہ کے ساتھ ہی انشاء اللہ عصر کی نماز بھی پڑھائی جائے گی۔میں چونکہ مسافر ہوں اس لئے عصر کی نماز قصر کروں گا یعنی دوگانہ پڑھوں گا اور جو مسافر ہیں وہ میرے ساتھ ہی سلام پھیریں گے لیکن مقامی باشندے بغیر سلام پھیرے کھڑے ہو کر دورکعتیں مزید پڑھیں اور عصر کی چار رکعتیں پوری کریں۔یہ بتانا پڑتا ہے بار بار کیونکہ بعض بچے جوان ہور ہے ہوتے ہیں۔نئے نئے شامل ہوتے ہیں اُن کو ان مسائل کا پتا نہیں ہوتا۔آپ میں سے اکثر تو غالبا پہلے سے جانتے ہیں۔