خطبات طاہر (جلد 8۔ 1989ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 277 of 898

خطبات طاہر (جلد 8۔ 1989ء) — Page 277

خطبات طاہر جلد ۸ 277 خطبه جمعه ۲۸ / اپریل ۱۹۸۹ء اس مضمون کا نام ہے جو میں آپ کے سامنے رکھ رہا ہوں۔پہلے تو حید سے اپنے نفس کو مغلوب کرلیں، اپنی ذات میں خلا پیدا کرنا شروع کریں اور ہر خلا کو خدا سے بھر دیں پھر آپ موحد کامل بنیں گے اور اگر آپ موحد کامل بن جائیں تو کوئی دنیا کی طاقت آپ پر غالب نہیں آسکتی۔نہ امریکہ آپ پر غالب آ سکتا ہے، نہ روس آپ پر غالب آ سکتا ہے، نہ چین غالب آ سکتا ہے، نہ جاپان غالب آ سکتا ہے۔ان ممالک کی کیا حیثیت ہے جو اپنی بقاء کے لئے ان ممالک سے لٹکے ہوئے ہیں۔وہ کیسے آپ پر غالب آ سکتے ہیں؟ اس لئے ایک ہی امن کا رستہ ہے۔تیزی کے ساتھ اس امن کی طرف دوڑیں۔فَفِرُّوا اِلَی الله (الذاریات: ۵۱) کے مضمون کو سمجھیں اور خدا فرماتا ہے۔فرار اختیار کرو، خطرات ہیں تمہیں چاروں طرف سے ان خطرات سے بچنے کے لئے خدا کی طرف بھا گواور وہ خدا کہاں ہے؟ وہ آپ کے نفس میں موجود ہے۔آپ کی حبل ورید سے بھی قریب تر ہے۔اس میں ڈوبنے کی ضرورت ہے اس میں نہاں ہونے کی ضرورت ہے اور محض یہ کہنا کافی نہیں کہ میں خدا میں ڈوب گیا اور میں خدا میں نہاں ہو گیا کیونکہ یہ سارے جھگڑے اور دلت رلے کر انسان خدا میں نہیں ڈوب سکتا۔جس طرح بعض دفعہ آپ نے دیکھا ہے باہر سے واپس آتے ہیں سفر کر کے ، شکار کر کے یا ویسے گندی سڑکوں سے، کیچڑ سے گزرتے ہوئے تو اپنے گھر میں بھی آپ ان بوٹوں کے ساتھ داخل نہیں ہوا کرتے۔بعض دفعہ اس لباس کے ساتھ بھی داخل نہیں ہوا کرتے۔بعض دفعہ میں نے دیکھا ہے انگریز زمینداروں کو کہ زمیندارے کے کام سے فارغ ہوکر لدھے پھندے اپنے گند کے ساتھ اور خاص قسم کے لباس کے ساتھ جو گندہ ہو جایا کرتا ہے۔گھر میں داخل ہوتے ہیں تو پہلے آواز دیتے ہیں گھر میں کہ لاؤ میرے دوسرے کپڑے لاؤ، میرے دوسرے بوٹ لاؤ، میرے لئے پانی لاؤ۔وہاں اپنے پرانے کپڑے اتارتے ہیں ، صفائی کرتے ہیں ، پھر وہ داخل ہوتے ہیں۔تو خدا تعالیٰ میں داخل ہونے کے لئے اس سے بھی زیادہ نظافت کی ضرورت ہے ، صفائی کی ضرورت ہے اور ان گناہوں کی ڈھیریوں کے ساتھ اور گندگیوں کے ساتھ انسان یہ کہ کر خدا میں داخل نہیں ہوسکتا کہ اے خدا میں تجھ میں داخل ہو گیا۔نہاں ہم ہو گئے یار نہاں میں ( در شین صفحه: ۵۰)