خطبات طاہر (جلد 8۔ 1989ء) — Page 220
خطبات طاہر جلد ۸ 220 خطبہ جمعہ ۷ را پریل ۱۹۸۹ء پڑتی ہے بیچاروں کو۔ایک ہارٹلے پول میں جب میں گیا تو ایک بوڑھے انگریز نومسلم نے مجھے بتایا کہ میں نے جب اسلام کو قبول کر لیا اور میں نے نماز شروع کی تو میں حیران رہ گیا کہ یہ میں کیسے کروں گا۔یعنی دل چاہتا تھا لیکن جسم میں یہ استطاعت ہی نہیں تھی کہ اس طرح وہ اپنے آپ کو موڑ سکے اور نماز کے تقاضے پورے کرنے کے لئے جو لچک چاہئے وہ موجود نہیں تھی۔پھر اس نے بتایا پھر میرے ساتھ ایک معجزہ ہوا کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے دعا کے نتیجے میں نہ صرف مجھے یہ طاقت مل گئی بلکہ اس سے پہلے کے جو آزار تھے وہ بھی دور ہو گئے۔اس کے علاوہ میں نے بعض دوسرے دوستوں کو بھی دیکھا ہے جب وہ نیا نیا اسلام قبول کرتے ہیں تو ان کے لئے سجدے میں جانا، التحیات بیٹھنا تو بہت ہی مصیبت بن جاتا ہے اور مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔پس یہ جوروزمرہ کی عبادت ہے ہماری اس میں جسمانی صحت کا بھی لحاظ رکھا گیا ہے اور وہ لوگ جو باقاعدہ وضو کر کے نمازیں پڑھتے ہیں اور با قاعدگی کے ساتھ نمازوں کا حق ادا کرتے ہیں سکون کے ساتھ ہر نماز کے جز میں ٹھہر ٹھہر کر نماز کو ادا کرتے ہیں ان کی جسمانی صحت نماز نہ پڑھنے والوں کی نسبت ہمیشہ بہتر رہتی ہے۔پس ان سب امور میں جو عبادات بھی ہیں انسان کے اپنے فوائد موجود ہیں۔پھر روز مرہ کی عبادات میں جس حد تک آپ نے جاگنا ہے آپ جاگ لیتے ہیں اپنے آپ کو عادت ڈال لیتے ہیں اور وہ جاگنا آپ کے لئے روز مرہ کے دوسرے فرائض ادا کرنے میں بھی مفید ثابت ہوتا ہے لیکن اس کے علاوہ بھی جب عبادت کے مفہوم پر آپ غور کریں تو یہ بہت وسیع مضمون ہے کہ عبادت کرتے وقت جو جو دعائیں آپ کرتے ہیں، جو جو آیات قرآنی آپ تلاوت کرتے ہیں یا دیگر ارکان کو ادا کرنے کے لئے ہدایات پر عمل کرتے ہیں ان سب کا آپ سے اور بنی نوع انسان کے فوائد سے براہ راست تعلق ہے اور اگر آپ وہ نہ کریں تو شدید نقصان میں مبتلا ہو جائیں گے لیکن رمضان کی زائد عبادتیں اگر آپ نہ بھی کریں تو کوئی نقصان نہیں ہے۔آپ نے اپنا فرض پورا کر دیا ہے۔قرآن کریم نے جو رمضان کی زائد ذمہ داریاں ڈال دی ہیں وہ ایک ایسا حصہ ہے کہ اس کے بغیر بھی بنی نوع انسان نہایت عمدگی کے ساتھ اپنے معاملات کو سلجھاتے ہوئے زندگی گزار سکتے ہیں لیکن رمضان میں کچھ زائد عبادتیں، زیادہ ذمہ داریاں ڈال دیں۔ان میں سے ایک یہ ہے کہ ایک ہی مہینے میں قرآن کریم کی بار بار تلاوت کی جائے۔عام وقتوں میں یہ آپ کے لئے