خطبات طاہر (جلد 8۔ 1989ء) — Page 204
خطبات طاہر جلد ۸ 204 خطبہ جمعہ ۳۱ / مارچ ۱۹۸۹ء علاقوں میں سے ایک علاقہ ہے۔بلکہ بعض لوگوں کا تو یہ خیال ہے کہ آئر لینڈ میں رومن کیتھولکسز م اس سے زیادہ عقیدہ اور عمل کی صورت میں ملتا ہے جتن ویٹیکن (Vatican)کےاردگرد کے علاقے میں صورت حال دکھائی دیتی ہے۔اس پہلو سے یہ ملک غیر معمولی طور پر مذہبی رجحان رکھتا ہے۔عموماً دنیا میں یہ خیال پایا جاتا ہے کہ کیتھولک لوگ اسلام سے زیادہ متنفر ہیں اور عیسائیت میں بہت زیادہ پختہ ہونے کی وجہ سے ان میں اسلام کے نفوذ کے کم امکانات ہیں۔یہ خیال میری رائے میں درست نہیں کیونکہ مثلاً ہالینڈ میں جتنے بھی احمدی ہالینڈ کے ہوئے ہیں وہ سارے کے سارے پہلے کیتھولکس تھے۔اسی طرح بعض دنیا کے دوسرے ممالک سے جو بیعتوں کی اطلاع ملتی ہیں ان سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ کیتھولکس میں بھی خدا تعالیٰ کے فضل سے اسلام قبول کرنے کے رجحانات پیدا ہو رہے ہیں۔خاص طور پر وہ کیتھولک علاقے جہاں مذہب کو اہمیت دی جاتی ہے ان میں چونکہ ابھی تک مذہب کے معاملات میں سنجیدگی موجود ہے اس لئے وہ غور کرنے کا رجحان رکھتے ہیں۔باقی دنیا خصوصاً مغربی دنیا مذہب سے اتنا دور جا چکی ہے کہ ان کو مذہب میں بحیثیت مذہب کوئی دلچسپی نہیں اور اگر آپ کو دلچسپی ہی کوئی نہیں ہوگی اور غور ہی نہیں کریں گے تو مذہب تبدیل کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ دراصل ایسے لوگ کوئی مذہب بھی نہیں رکھتے اُن کو اگر دلچسپی ہے تو مادہ پرستی میں، اس دنیا کی لذتوں، اس دنیا کی نعمتوں میں ہے اور دنیا کی ترقیات میں ہے۔اس لئے آپ ان میں سے خواہ بہت سے اچھے اخلاق والے لوگ بھی پائیں ان کے اخلاق ، اُن کی ذات اور معاشرے تک محدود رہتے ہیں اور ان کے اخلاق کے نتیجے میں ان کے اندر مذہبی نفوذ پانے کی کوئی راہ آپ کو نہیں ملتی۔پس اس پہلو سے وہ علاقے جو مذہبی تعصب رکھتے ہیں یعنی صرف مذہب میں سنجیدہ ہی نہیں بلکہ مذہبی تعصب بھی رکھتے ہیں وہ بھی اسلام کے نقطہ نگاہ سے زیادہ اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ وہ کچھ نہ کچھ سوچ بچار تو ضرور کریں گے، غور وتد بر تو ضرور کریں گے۔اس علاقے میں یعنی آئر لینڈ میں ایک اور خصوصیت یہ پائی جاتی ہے کہ رومن کیتھولک ہونے کے باوجود اسلام سے نفرت نہیں ہے اور بالعموم اس قوم کے اخلاق بہت اچھے ہیں۔اس پہلو سے جیسا کہ بعض لوگوں کا خیال تھا کہ جماعت کو یہاں نفوذ اختیار کرنے میں دقتیں پیش آئیں گی اور سخت منافرت کا سامنا ہو گا یہ خیال بالکل غلط نکلا ہے۔جس علاقے میں ہم اس وقت یہ مشن بنا رہے