خطبات طاہر (جلد 6۔ 1987ء) — Page 488
خطبات طاہر جلد ۶ 488 خطبہ جمعہ ۲۴ ؍ جولائی ۱۹۸۷ء دیا گیا اور وہ پہلو یہ ہے کہ اپنے تقومی کو اپنی زندگی کے ہر لمحے پر حاوی کر دو اگر ایسا کرو تو حق تقیه کے مضمون کے مطابق عمل کرنے والے ہو گے۔یعنی خدا سے ڈرنے کا حق یہ ہے کہ زندگی کا کوئی لمحہ بھی تقوی کی چھاؤں سے باہر نہ ہو، تقویٰ کی حفاظت سے باہر نہ ہو کیونکہ موت اپنے اختیار میں نہیں موت اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے اور وہ کسی لمحہ بھی موت دے سکتا ہے۔اس کے متعلق آپ کا فیصلہ نہیں چلے گا بلکہ خدا کا فیصلہ چلے گا۔پس اگر خدا کے یہ حکم آپ نے ماننا ہے کہ نہیں مرنا جب تک مسلمان نہ ہوں تو چونکہ مرنے کا فیصلہ آپ نے نہیں کرنا خدا نے کرنا ہے اگر کوئی ایسے لمحے میں وفات ہو جائے جو تقویٰ سے عاری تھا تو آپ اس آیت کے مطابق عمل کرنے والے نہیں ہوں گے۔اس لئے اگر دیانتداری سے اس آیت کے مفہوم کو سمجھ کر اس پر عمل کرنے کی کوشش کی جائے تو اس کے سوا نتیجہ کوئی نہیں نکلتا کہ زندگی کے ہر لمحہ کو تقویٰ کی حفاظت میں لے آؤ۔اگر تم ایسا کرو گے تو تم نہیں مرو گے جب تک مسلمان نہیں ہو گے۔اس کی تفصیل ہے پھر آگے ایک اور نئی تفسیر ملتی ہے جو دوسری آیت میں بیان ہوئی ہے۔فرمایا: وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا۔بہت مشکل ہے جو پہلی ہدایت ہے اس پر عمل کرنا بڑے دل گردے کا کام ہے اور شاذ کے طور پر ہی ایسے انسان ملتے ہوں گے جن کی زندگی کا ہر لمحہ تقویٰ کی حفاظت میں ہو، اس کی حدود کے اندر واقع ہو اس لئے اس مضمون کو آسان فرما دیا گیا اور ایک ایسا طریق ہمارے سامنے رکھ دیا گیا جس کے نتیجے میں گویا خدا یہ وعدہ کرتا ہے کہ اگر تم اس شرط کو پورا کرو گے تو وہ تمہیں وفات نہیں دے گا جب تک تمہاری وفات کی حالت مسلمانی کی حالت نہ ہو۔فرمایا اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑ لو اور اجتماعی طور پر پکڑ لو۔جماعت میں داخل ہو اور جماعت کے تقاضوں کو پورا کرو اور مضبوطی کے ساتھ جماعت کے ساتھ وابستہ ہو جاؤ لیکن جماعت کیا چیز ہے؟ فرمایا اللہ کی رسی سے چمٹ جانے والے جماعت بنتے ہیں جو خدا کی رسی سے الگ ہو جائیں ان کو جماعت نہیں کہا جاسکتا۔پس یہاں پہنچ کر ہمیں مسلمان ہونے کے بغیر نہ مرنے کا ایک طریق سمجھ آ گیا۔اگر انفرادی زندگی پر ہم ہر لمحے پر پہرے نہیں بٹھا سکتے تو ایسے نیک لوگوں کی معیت میں ضرور داخل ہو سکتے ہیں جن کے متعلق خدا کا عمومی فیصلہ رحم اور فضل کا ہے۔بحیثیت جماعت جن کو اللہ پیار کی نظر سے دیکھتا