خطبات طاہر (جلد 6۔ 1987ء) — Page 403
خطبات طاہر جلد ۶ 403 خطبہ جمعہ ۱۲ / جون ۱۹۸۷ء یہ فیصلہ کرنا کہ کتنی منظور کرنی ہے اور کتنی نہیں منظور کرنی۔میرا کام نہیں ہے کہ خدا کی عطا کے اوپر پابندیاں خود ہی عائد کر دوں اور خود ہی اس سے کم مانگنے لگ جاؤں۔پس مانگنے میں حوصلہ بڑھائیں لیکن محض بلند حوصلہ نہ رکھیں۔ادنیٰ سے ادنی چیزوں میں بھی اس کی طرف جھکیں۔پس دعا میں انکساری کو بھی ملحوظ رکھیں۔جب آپ ادنی چیز مانگتے ہیں تو خدا کی نسبت سے نہیں اپنی نسبت سے مانگتے ہیں جب اعلیٰ چیز مانگتے ہیں تو خدا کی نسبت سے مانگتے ہیں یہ راز ہے جس کو آپ سمجھ لیں تو آپ کی دعا مکمل ہو جائے گی۔ایک چھوٹا سا ذرہ اٹھانے کی آپ سمجھتے ہیں آپ کو توفیق ہے آپ جتنی دفعہ چاہیں جس طرح چاہیں اس ذرے کو اٹھا لیں اس میں بھی ایک انانیت ہے۔ایک عارف باللہ جانتا ہے کہ خدا کی دی ہوئی توفیق ہی ہے اگر خدا کی توفیق نہ ہو تو ایک معمولی ساذرہ بھی میں نہیں اُٹھا سکتا۔پس جب آپ ایک ذرے کو اُٹھانے کے لئے دعا مانگتے ہیں تو خدا کی نسبت سے نہیں اپنی نسبت سے، بہت ہی ادنی چیز سے اس کا آغاز کرتے ہیں اور جب ایسی باتیں مانگتے ہیں جو آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کہاں اور وہ باتیں کہاں، آپ کہاں اور وہ عظمتیں کہاں تو اپنے لحاظ سے نہیں بلکہ اللہ کی عظمتوں کو محوظ رکھتے ہوئے اس سے یہ مانگتے ہیں، اللہ کے کب کو ملحوظ رکھتے ہوئے اس سے مانگتے ہیں۔پس دعا کے دو کنارے ہیں۔ایک وہ جو نفس کے عرفان سے شروع ہوتا ہے اور وہ انتہائی انکساری کا مقام رکھتا ہے اس کے لئے چھوٹے سے چھوٹا کا کوئی تصور بھی نہیں ہر چیز چھوٹی سی چھوٹی بھی اس دعا کے دائرے میں داخل ہو جاتی ہے اور ایک وہ ہے جو عظمتوں میں بے انتہا ہے اور لافانی ہے اور وہ خدا کی ذات کو ملحوظ رکھ کر دعا کا گر انسان سیکھتا ہے اس لئے ان دونوں کناروں کے تقاضوں کو محوظ رکھتے ہوئے آپ دعائیں کرنے کی عادت ڈالیں۔اللہ تعالیٰ آپ کی ساری زندگی کی ہر کیفیت پر حاوی ہو جائے گا اور آپ پر اتنے انعام نازل فرمائے گا، ایسی برکتیں عطا کرے گا کہ آپ کے ساتھ اُٹھنے بیٹھنے والے بھی برکتیں پا جائیں گے آپ کی نگاہیں بھی ان پر پڑیں گی وہ بھی متبرک ہو جائیں گے۔آپ کا ذکر ، آپ کی یاد اور پیار کرنے والے بھی متبرک ہوتے چلے جائیں گے۔یہ ہے اللہ تعالیٰ کی عظمت اور خدا کی شان۔خدا کرے کہ ہمیں یہ توفیق نصیب ہو اس کے بغیر ہم ان قوموں کی زندگی بدل نہیں سکتے ، اس کے بغیر ہم یورپ کی تقدیر میں کوئی تبدیلی پیدا نہیں کر سکتے۔آمین۔