خطبات طاہر (جلد 6۔ 1987ء) — Page 345
خطبات طاہر جلد ۶ 345 خطبہ جمعہ ۲۲ رمئی ۱۹۸۷ء عالم اسلام کے لئے دعا، جھوٹ کے خلاف جہاد، سچائی کی عادت اور لین دین کے معاملات درست کرنے کی تلقین خطبه جمعه فرموده ۲۲ مئی ۱۹۸۷ء بمقام بیت الفضل لندن ) تشہد وتعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے فرمایا: آج کا جمعہ تمام عالم اسلام میں خاص شان اور اہتمام کے ساتھ منایا جارہا ہے اور حسن اتفاق سے اس جمعہ کو دنیا کے اکثر ممالک میں جمعتہ الوداع قرار دیا جا چکا ہے۔ورنہ اس سے قبل اختلافات ہو جایا کرتے تھے اور بہت سے علماء بعض دوسرے علماء سے اس بات پر متفق نہیں ہوتے تھے کہ عید کب منائی جائے گی۔خصوصا جب تک عید کا چاند قریب نہ آجائے اس وقت تک بعض علماء اظہارِ رائے سے بھی گریز کرتے تھے۔اس لئے کسی جمعہ کو جمعتہ الوداع قرار دینا بعید از قیاس تھا لیکن یہ جمعہ اس لحاظ سے ایک امتیازی جمعہ بن جاتا ہے کہ ابھی مہینے کا فیصلہ تو اپنی پرانی طرز کے مطابق نہیں کر سکتے لیکن جمعہ کو جمعتہ الوداع قرار دے چکے ہیں۔بہر حال دنیا والوں کے جمعہ کو جمعۃ الوداع قرار دینے سے تو اس جمعہ کی حقیقت اور اسکی کیفیت پر کوئی اثر نہیں پڑ سکتا۔یہ جمعہ الجمعۃ الوداع ہے یا نہیں اس سے قطع نظر ایک بات بہر حال یقیناً اس جمعہ کے متعلق کہی جاسکتی ہے کہ جتنی مساجد اس جمعہ پر بھری ہیں اتنی مساجد اس سارے سال میں نہ پہلے بھری ہیں نہ بقیہ سال کے حصے میں کبھی بھریں گی اور اس وقت ساری دنیا میں جہاں جہاں بھی مساجد موجود ہیں وہ کثرت کے ساتھ بھر چکی ہیں بلکہ لوگوں کو سمانہیں سکتیں اس لئے باہر گلیوں میں