خطبات طاہر (جلد 4۔ 1985ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 970 of 1067

خطبات طاہر (جلد 4۔ 1985ء) — Page 970

خطبات طاہر جلدم 970 خطبه جمعه ۶ ؍دسمبر ۱۹۸۵ء سمجھنے کے لئے اور اپنی نمازوں کو خدا کے پیار اور حمد وثنا سے بھرنے کے لئے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے متعلقہ فرمودات اور تحریرات کا مطالعہ کریں۔اس مطالعہ میں آپ کو محنت کرنی پڑے گی کیونکہ جیسا کہ میں نے چند مثالیں آپ کے سامنے رکھی ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے بعض کلمے آپ کو سرسری نظر سے سمجھ ہی نہیں آسکیں گے۔بظاہر ایک مطلب سمجھ آجائے گا لیکن یہ نہیں معلوم ہوگا کہ اس سے بہت زیادہ گہرا مضمون تھا جتنا آپ سمجھے ہیں۔اس لئے آپ ان کلمات کو بار بار پڑھیں ، غور سے پڑھیں اور ان کی روشنی میں رفتہ رفتہ اپنی نمازوں کو سجائیں اور درست کریں۔رفتہ رفتہ میں نے اس لئے کہا ہے کہ جب آپ پڑھیں گے تو جیسا کہ مجھے یاد ہے بچپن میں جب میں یہ تحریریں پڑھتا تھا تو بعض دفعہ اتنا خوف طاری ہو جاتا تھا کہ یوں لگتا تھا کہ میں تو اس قابل ہی نہیں کہ نماز کبھی پڑھ سکوں۔ایک عارف باللہ کا نماز کا تجربہ ہواور وہ اس مضمون کو بڑی لذت کے ساتھ بیان کر رہا ہو تو ایک کمزور آدمی بعض دفعہ بے حوصلہ ہو جاتا ہے۔آدمی سمجھتا ہے کہ یہ تو اتنی بلند چیزیں ہیں کہ ہم بیچارے کہاں۔یہ تو ہو ہی نہیں سکتا لیکن جیسا کہ میں بتایا ہے جب آہستہ آہستہ ایک کام کو کرتے ہیں تو ہو جایا کرتا ہے۔کتنی بلند چوٹی ہو شروع میں انسان کو وحشت ہوتی ہے کہ کیسے ہو سکتا ہے کہ میں اس چوٹی تک پہنچ جاؤں لیکن قدم قدم اٹھا ئیں اور آہستہ آہستہ طاقت کے مطابق حسب توفیق اس کی طرف بڑھنا شروع کریں۔جس طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ خدا کی طرف بڑھنے کا جو زندگی کا سفر ہے کچھ تھوڑا سا صبح کرو، پھر دو پہر کو تھوڑا سا آرام کرلیا، شام کو پھر تھوڑا سا سفر کر لیا بہر حال کچھ نہ کچھ آگے بڑھتے رہو۔جب آپ اس طریق پر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ و السلام کے فرمودات کی روشنی میں اپنی نمازوں کو سنوارنا شروع کریں گے تو آپ کو زندگی بھر کا کام مل گیا ایک Life Time Job جس کو کہتے ہیں اور جب آپ نمازوں میں Improvement کر رہے ہوں گے، ان کی اصلاح کر رہے ہوں گے،ان میں کچھ اضافہ کر رہے ہوں گے، نئی تزئین کر رہے ہوں گے تو آپ کا وہی حال ہو جائے گا۔آرائش جمال سے فارغ نہیں ہنوز پیش نظر ہے آئینہ دائم نقاب میں (دیوان غالب صفحه: ۱۶۲)