خطبات طاہر (جلد 3۔ 1984ء) — Page 61
خطبات طاہر جلد ۳ 61 خطبہ جمعہ ۲۷ /جنوری ۱۹۸۴ء لوگ ہیں ان کے لئے وہ حدیث کافی ہے کہ قیامت کے دن ان لوگوں سے کیا سلوک ہوگا اور جونرمی اور محبت اور پیار سے ماننے والے لوگ ہیں وہ ان باتوں پر نگاہ کریں۔ہم تو اللہ تعالیٰ کی رحمت کے بھوکے اور اس کے فقیر ہیں اور کوئی انسان نہیں ہے بڑے سے بڑے اعمال والا بھی جو اللہ تعالیٰ کی رحمت سے مستغنی ہو سکے، اس کی بخشش سے مستغنی ہو سکے اس لئے ان باتوں پر نظر کر کے ہی ان بدیوں سے باز رہنے کی کوشش کریں، ان کو چھوٹا نہ سمجھیں، عہد بیعت میں بھی یہ بات داخل ہے کہ میں غیبت نہیں کروں گا، میں بدظنی نہیں کروں گا لیکن کچھ ایسا چسکا ہے، ایسی مصیبت ہے اور یہ بیماری کہ گھر گھر میں، سینے سینے میں داخل ہوئی ہوئی ہے اور اتنی عادت ہے خصوصاً عورتوں میں کہ وہ برداشت نہیں ہوتا ان سے کہ کسی کی بڑائی دیکھیں یا سنیں اور وہ آگے نہ پہنچائیں۔دیکھ کر پہنچانا بھی بہت بری بات ہے لیکن سن کر پہنچانا تو افک بھی بن جاتا ہے اور غیبت بھی بن جاتی ہے اور پھر چسکے پورے کرنے کے لئے وہ ظن بھی کرتی ہیں اور من گھڑت باتیں بنا کر بہتان میں بھی داخل ہو جاتی ہیں اور یہ بیماری مردوں میں بھی آتی ہے اور اس کے نتیجہ میں ہمارے معاشرے کا بہت برا حال ہے۔اور جیسا کہ میں نے بیان کیا ہے قرآن کریم سے ثابت ہے کہ یہ بیماریاں قومی شکلیں بھی اختیار کریں گی اور جب یہ قومی شکلیں اختیار کر جائیں گی اور قوموں کے تعلقات میں داخل ہو جائیں گی تو پھر انسان کی ہلاکت کا سامان کیا جائے گا اور تمام دنیا میں نہایت ہی ہولناک آلات کے ساتھ جنگ لڑی جائے گی جو خوفناک آگ کی شکل میں دنیا پر لیکے گی اور دنیا کوتباہ و برباد کر دے گی اور اس بد انجام کا تعلق اللہ تعالیٰ نے غیبت اور چغل خوری اور دل آزاری کے ساتھ رکھ دیا ہے۔(الھمزہ) تو اس لئے کوئی معمولی بات نہ اس کو سمجھیں کہ کیا فرق پڑتا ہے ذرا سا لطف اٹھالیا۔چند باتیں کسی کے متعلق کہہ کر، یہ انفرادی بیماریاں قومی بن جاتی ہیں ، معاشرتی بن جاتی ہیں پھر آگے پھیل کر بین الاقوامی تعلقات میں داخل ہو جاتی ہیں جیسا کہ اب ہو چکی ہیں اور اس کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ پھر وہ ایٹم بم ایجاد ہوگا جس کے متعلق قرآن کریم میں ایک پوری سورۃ موجود ہے مختصر لیکن بڑی تفصیل سے اس کا ذکر کرنے والی۔اس لئے آپ کو بہت ہی مضبوط ارادے کے ساتھ اور قومی فیصلے کے ساتھ ان بدیوں کے خلاف جہاد کرنا چاہئے۔شروع میں بہت تکلیف ہوگی کیونکہ عادت گندی سے گندی چیز کی بھی ہو تو