خطبات طاہر (جلد 2۔ 1983ء) — Page 348
خطبات طاہر جلد ۲ 348 خطبہ جمعہ ۲۴ / جون ۱۹۸۳ء یہ ہے غیر مبدل تاریخ جس کو خدا تعالیٰ قرآن کریم میں پیش فرما کر کہتا ہے کہ پھر کیا نتیجہ نکالو گے اس کا کہ یہ لوگ کیوں مٹائے نہیں گئے ؟ طاقتیں تو تمہارے پاس تھیں، اکثریت تو تمہارے پاس تھی۔حکومتیں تمہارے پاس تھیں ، دنیا کے ہتھیار تمہارے پاس تھے، پھر کیا وجہ ہے کہ یہ لوگ مٹائے نہیں گئے ؟ عقل اس کے سوا کوئی نتیجہ نہیں نکالتی کہ یقیناً محمد رسول اللہ اور ان کے ساتھی اللہ والے ہیں اور اللہ ان کے ساتھ تھا۔فرمایا ذلِكَ بِاَنَّ اللهَ مَوْلَى الَّذِينَ آمَنُوْا وَ اَنَّ الْكُفِرِينَ لَا مَوْلى لَهُمْ ایک نتیجہ نہیں، ہم دو نتیجے نکال رہے ہیں۔تم تو ان کی ولائیت میں شک کر رہے تھے ہم نے تاریخ کے ابواب کھول کر تمہارے سامنے رکھ دیئے کہ سوائے اس کے کہ یہ اللہ کے ولی ہوں یہ بچائے نہیں جاسکتے۔بظاہر حالات ان کے بچنے کی کوئی صورت ہی نہیں سوائے اس کے اللہ ان کا ولی ہو۔فرمایا صرف یہی نہیں بلکہ تاریخ ایک اور نتیجہ بھی نکالتی ہے کہ اے محمد رسول اللہ کے مخالفو! تمہارا کوئی ولی نہیں ہے جن کو تم اپنا ولی سمجھ رہے ہو ان کی ولائتیں توڑ دی جائیں گی۔ان کے ہاتھ شل کر دیئے جائیں گے اور خدا کے مقابل پر کوئی بھی تمہاری مدد کے لئے نہیں آسکے گا۔کتنا عظیم الشان، کتنا ہیبت ناک نتیجہ ہے جو تاریخ نے بار بار دنیا کے سامنے اسباق کی صورت میں دہرایا ہے ،لیکن جاہل اور آنکھوں کے اندھے ان نتائج کو نہیں دیکھ سکے۔پس جماعت احمدیہ کے لئے خوشخبری ہے۔ان کے لئے بھی خوشخبری ہے جن کی امنگیں پوری کی جائیں گی اور جن کی التجاؤں کو اس رنگ میں قبول کیا جائے گا کہ اللہ ان کی پیش ہونے والی قربانیوں کو قبول فرمالے گا، ان کی پیش کی جانے والی جانوں کو قبول فرمائے گا ، ان کے پیش کئے ہوئے گھروں کو قبول فرمائے گا، ان کے پیش کئے ہوئے عمر بھر کے اثاثوں کو قبول فرمائے گا۔لَهُمُ الْبُشْرَى فِي الْحَيَوةِ الدُّنْيَا ان کے لئے خوشخبری ہے فَمِنْهُم مَّنْ قَضَى نَحْبَہ وہ ان لوگوں میں شامل ہو گئے جنہوں نے اپنی امنگوں کو پورا کر لیا اور ان کے لئے بھی خوشخبری ہے جن کے لئے خدا کی غیرت جوش میں آئے گی اور دنیا کو اس بات کی استطاعت نہیں ہوگی، اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ ان کو مٹا سکے۔جس پہلو میں بھی ان کو کمزور کرنے کی کوشش کی جائے گی وہ پہلے سے زیادہ بڑھ کر اور طاقتور ہو کر نکلیں گے۔یعنی خدا اپنے پورے جلال کا اظہاران کے لئے کرے گا۔پس ان کے لئے بھی خوشخبری ہے گھاٹے کا سودا تو نہ اس طرف ہے، نہ اس طرف۔